قومی ٹیم برٹش جونیئر سکوائش چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے 18 دسمبر کو برطانیہ روانہ ہوگی

بدھ 12 دسمبر 2018 12:43

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) قومی ٹیم برٹش جونیئر سکوائش چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے 18 دسمبر کو برطانیہ روانہ ہوگی۔ پاکستان سکوائش فیڈریشن کے گیم ڈویلپمنٹ آفیسر سکوارڈن لیڈر عامر اقبال نے بتایا کہ برٹش جونیئر سکوائش چیمپئن شپ 2 سے 6 جنوری 2019ء تک برطانیہ کے شہر برمنگھم میں کھیلی جائے گی جس میں عباس زیب انڈر 19-، حارث قاسم، فرحان ہاشمی اور اسد اللہ خان انڈر17-، محمد حمزہ خان، نور زمان اور محمد اشہب عرفان انڈر 15- جبکہ انس علی شاہ اور حمام احمد انڈر 13- کیٹیگری کے مقابلوں میں شرکت کریں گے۔

ایونٹ کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑی اسلام آباد میں تربیت حاصل کر رہے ہیں اور کوچز انہیں جدید اور اعلیٰ معیار کی تربیت دے رہے ہیں۔ دریں اثناء 5 رکنی قومی ٹیم یو ایس جونیئر سکوائش چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے امریکا پہنچ گئی ہے۔

(جاری ہے)

یو ایس جونیئر سکوائش چیمپئن شپ 15 سے 18دسمبر تک امریکا کے شہر بوسٹن میں کھیلی جائے گی جس میں چار کھلاڑی اور ایک آفیشل پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔ کھلاڑیوں میں عباس زیب انڈر 19-، محمد حمزہ خان اور نور زمان انڈر 15- جبکہ حمام احمد انڈر 13- کیٹیگری کے مقابلوں میں شامل ہیں جبکہ آفیشل میں حنیف خان بطور کوچ ٹیم کے ہمراہ ہیں۔ایونٹ کی تیاری کیلئے قومی کھلاڑیوں کو بھرپور تربیت دی ہے اور ان سے اچھے نتائج کی توقع ہے۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں