سید اشفاق حسین شاہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر منتخب ہوگئے

بدھ 12 دسمبر 2018 22:04

سید اشفاق حسین شاہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر منتخب ہوگئے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 دسمبر2018ء) سید اشفاق حسین شاہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر منتخب ہوگئے جبکہ رکن قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر، سردار نوید حیدر خان اور سیدظاہر علی شاہ نائب صدور بن گئے، گذشتہ روز پاکستان فٹ بال فیڈریشن 2018 ء کے انتخابات سپریم کورٹ بلڈنگ اسلام آباد میں ہوئے، پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے ریٹرننگ آفیسر الیکشن اور سپریم کورٹ آف پاکستان کے ڈائریکٹر جنرل (انسانی حقوق ) عامر سلیم رانا نے پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے انتخابات کے رزلٹ کا اعلان کرتے ہوئے بتایاکہ سید اشفاق حسین شاہ 17 ووٹ لے کر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر منتخب ہوگئے جبکہ انوار الحق قریشی نے تین ووٹ حاصل کئے جبکہ نائب صدور کی تین نشستوں پر رکن قومی اسمبلی ملک محمد عامر ڈوگر 20 ووٹ جبکہ سردار نوید حیدر خان اور ظاہر علی شاہ 18 ، 18 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور محمد جان مری نے چار ووٹ حاصل کئے۔

(جاری ہے)

مجلس عاملہ کے لئے پنجاب سے محمد اشرف خان 19 ووٹ اور میاں رضوان علی 18 ووٹ، بلوچستان سے دوست محمد 19 ووٹ اور عزیز اللہ 17 ووٹ، خیبر پختونخوا کے ذوالفقار احمد 19 اور سعاد رسول 18 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے، جبکہ سندھ سے جمیل احمد ہوٹھ اور عبدالناصر بلوچ بلا مقابلہ مجلس عاملہ کے رکن منتخب ہوگئے۔ اس موقع پر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل کرنل (ر ) احمد یار لودھی اور پاکستان سپورٹس بورڈ کے نمائندے راجہ ذوالفقار بھی موجود تھے، خواتین کی تین نشستوں کے لئے فرزانہ روف اور جویریہ ظفر سولہ، سولہ اور تصور عزیز چودہ ووٹ لے کر کامیاب ہوئیں۔ جبکہ نادیہ نقوی نے دو ووٹ حاصل کئے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں