اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن سکول اینڈ گرلز کالج کا سالانہ سپورٹس ڈے روایتی جوش و ولولے سے منایا گیا

طلبا و طالبات نے شاندار پرفارمنس سے مہمان خصوصی ، اساتذہ کرام ، والدین کے دل جیت لئے ، وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے اوورسیز ذوالفقار عباس بخاری مہمان خصوصی تھے بچے قوم کا مستقبل ہیں ، بچوں کی پرفارمنس نے ثابت کردیا ہے وہ مستقبل میں قوم کی ترقی اور بہتری کیلئے اہم کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں ، پرنسپل شاہینہ مسعود طلباء و طالبات نے اپنی شاندار کارکردگی سے ثابت کردیا ان کے اساتذہ ان پر بہت محنت کرتے ہیں، ذوالفقار عباس بخاری

جمعہ 14 دسمبر 2018 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2018ء) اوورسیز پاکستانیز فائونڈیشن سکول اینڈ گرلز کالج کا سالانہ سپورٹس ڈے گزشتہ روز روایتی جوش اور ولولے سے منایا گیا ۔ طلباء و طالبات نے اپنی شاندار پرفارمنس سے مہمان خصوصی اساتذہ کرام اوروالدین کے دل جیت لئے ۔ سالانہ سپورٹس ڈے کے مہمان خصوصی وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے اوورسیز پاکستانیز ذوالفقار عباس بخاری تھے ۔

طلباء نے تقریب میں شاندار پریڈ کا مظاہرہ کیا اور مہمانوں سے داد حاصل کی جبکہ طالبات نے پنجاب ، خیبر پختونخوا ، سندھ ، بلوچستان اور کشمیر کے روایتی رقص پیش کئے ۔ طلباء کے ایک گروپ نے مارشل آرٹس کے حیران کن فن دکھانے کے ساتھ ساتھ رنگ فائر میں سے کود کر اپنے اساتذہ پی ٹی ماسٹر اور والدین سے خراج تحسین حاصل کیا ۔

(جاری ہے)

سپورٹس ڈے کی اختتامی تقریب میں چھوٹے بچوں نے سینکڑوں غبارے ہوا میں چھوڑے تو آسمان رنگ و نور سے مزین ہوگیا تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پرنسپل محترمہ شاہینہ مسعود نے کہا کہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور بچوں کی پرفارمنس نے ثابت کردیا ہے کہ وہ مستقبل میں قوم کی ترقی اور بہتری کیلئے اہم کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں وزیراعظم کے خصوصی معاون ذوالفقار عباسی بخاری نے تقریب کے اختتام پر شاندار کارکردگی دکھانے والے بچوں اور اساتذہ میں انعامات تقسیم کئے ۔

وزیراعظم کے معاون خصوصی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء و طالبات نے اپنی شاندار کارکردگی سے ثابت کردیا ہے کہ ان کے اساتذہ ان پر بہت محنت کرتے ہیں اور تعلیمی معیار کی بہتری کے ساتھ ساتھ طلباء کی دیگر صلاحیتوں کو بھی بہت موثر طریقے سے اجاگر کیاجارہا ہے ۔ ذوالفقار عباس بخاری نے سکول کے تمام اساتذہ اور پرنسپل محترمہ شاہینہ مسعود کی انتھک محنت کو بھی سراہا تقریب میں سکول کے پی ٹی ماسٹر اور مالی کو بھی خصوصی انعام سے نوازا گیا ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں