ملک میں فٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور کھیل کی ترقی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر

بدھ 23 جنوری 2019 17:26

ملک میں فٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور کھیل کی ترقی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے، رکن قومی اسمبلی عامر ڈوگر
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) رکن قومی اسمبلی اور پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے نائب صدر ملک محمد عامر ڈوگر نے کہا کہ ملک میں فٹ بال کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں اور کھیل کی ترقی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے زیراہتمام اور سی بی آر ہاؤسنگ سوسائٹی کے تعاون سے اسلام آباد فٹ بال سپر لیگ کی تقسیم کٹ/یونیفارم کے حوالے سے مقامی ہوٹل میں ایک پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر انجینئر سید اشفاق حسین، جنرل سیکرٹری سید شرافت حسین بخاری،ڈپٹی میئر اسلام آباد ذیشان نقوی، پنجاب فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سردار نوید حیدر، نائب صدر رانا شوکت علی،پی ایف ایف کانگریس کے اراکین میاں رضوان اور چوہدری فقیر محمد، اسلام آباد فٹ بال ایسوسی ایشن کے صدر سلیم چوہدری، سی بی آر ہاؤسنگ سوسائٹی کے صدر الطاف احمد بٹ، جنرل سیکرٹری محمد سلیم خان اور ایسوسی ایٹ سیکرٹری سید ذاکر حسین نقوی کے علاوہ کھلاڑیوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

عامر ڈوگر نے کہا کہ ملک میں جتنا ٹیلنٹ ہے فٹ بال کا کھیل خوب ترقی کریگا اورسپر لیگ اسلام آباد کے ٹیلنٹ کو ابھارے گا، اسلام آباد فٹ بال کے حوالے سے ایک بڑا سنٹر بن چکا ہے اور اسلام آباد انتظامیہ فٹ بال سے خوب واقف ہے اور فٹ بال کے لئے مل کر کام کریگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں فٹ بال کے مداحوں میں دن بدن اضافہ ہو رہا ہے، نئے صدر کی دن رات کوششوں سے فٹ بال کے معیار کو آسمان کی بلندیوں تک پہنچایا جائے گا۔

صدر پاکستان فٹ بال فیڈریشن اشفاق حسین شاہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گرائونڈ آباد ہوں تو فٹ بال آباد رہے گا، جب پی ایف ایف صدر منتخب ہوا تو فٹ بال تباہی کے دہانے پر تھا، اسی وقت ارادہ کیا تھا کہ سب سے پہلے ملک میں فٹ بال کی بنیادوں کو ٹھیک کرنا ہے اور اس کودفتروں سے نکال کر گرائونڈز پر لے کر آنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیت ٹھیک ہو تو کامیابی مقدر بن جاتی ہے، وہ دور بھی دیکھا جب گراؤنڈ ویران تھے، فٹ بال کی ترقی ہمارا مقصد ہے، مالی مسائل کے با وجود پہلے سے زیادہ ٹورنامنٹ کروائیں گے۔

پنجاب فٹ بال فیڈریشن کے صدر سردارنوید حیدر نے کہا کہ مارچ میں وسیع پیمانے پر ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کا منصوبہ بنایا جائیگا تاکہ ملک بھر سے فٹ بال کے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جاسکے۔اسلام آباد مریڈین سپر لیگ آئندہ ماہ فروری سے اسلام آباد میں شروع ہوگی جس میں اسلام آباد کی ٹاپ 8 ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں روور کلب، اکبر کلب، مہران کلب، ہماکلب، سی ڈی اے کلب، راوی کلب، ایور گرین کلب اور اسلام آباد اکیڈمی کلب شامل ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں