پاکستان فٹ بال فیڈریشن اسلام آباد میں نیشنل فٹ بال اکیڈمی قائم کرے گی، انجینئر سیّد اشفاق حسین

جمعرات 24 جنوری 2019 14:34

پاکستان فٹ بال فیڈریشن اسلام آباد میں نیشنل فٹ بال اکیڈمی قائم کرے گی، انجینئر سیّد اشفاق حسین
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2019ء) پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر انجینئر سیّد اشفاق حسین نے کہا ہے کہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن (پی ایف ایف) اسلام آباد میں نیشنل فٹ بال اکیڈمی قائم کرنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے اور اس سلسلے میں اگلے ماہ فروری میں منعقد ہونے والے پی ایف سی کانگریس اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس کے دوران منظوری لی جائے گی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اکیڈمی قائم کرنے کا فیصلہ گذشتہ روز وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا کے ساتھ پی ایف ایف وفد کی ملاقات کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اکیڈمی قائم کرنے کے خیال کی حمایت ظاہر کی ہے۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم فٹ بال کی ترقی اور منصوبہ بندی کے اقدامات جاننے کے خواہاں تھے کہ عوام کے کھیل کو فعال طور پر قومی سطح پر بنانے کیلئے فیفا اور اے ایف سی پاکستان میں حقیقی باڈی کی حمایت کرے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے اسلام آباد میں اکیڈمی قائم کرنے کیلئے پی ایف ایف کیلئے تمام ممکنہ تعاون کا وعدہ کیا ہے۔ سیّد اشفاق نے مزید کہا کہ اکیڈمی قائم کرنے اور مقامی سطح پر فٹ بال کی سرگرمیاں شروع کرنے کیلئے پی ایف ایف ہر ممکن تعاون کرے گی۔ پی ایف ایف نے پہلے سے ہی اکیڈمی قائم کرنے پر سرکاری طور پر فیصلہ کرنے کیلئے فروری کے وسط میں اپنے کانگریس اور ایگزیکٹو کمیٹی کے اجلاس بلانے کی منصوبہ بندی کی ہے۔

سید اشفاق حسین نے پی ایف ایف کے سابق حکام کی جانب سے فیفا اور اے ایف سی کو نصف ملین ڈالر سے زیادہ رقم واپس بھیجنے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس معاملے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میرے خیال میں فیفا اور اے ایف سی کو پاکستان میں حقیقی فٹ بال باڈی کو قبول کرنا چاہئے اور ہمیں گھریلو فٹ بال کو بہتر بنانے کیلئے توجہ دینا چاہئے۔ ملک میں فٹ بال کے کھیل کی جڑیں مضبوط بنانے کیلئے تمام وسائل استعمال کریں گے اور مجھے یقین ہے کہ تمام سطحوں پر سرگرمیاں پیدا کرنے کیلئے بہترین کوششیں کی جائیں گی۔ پی ایف ایف کے وفد نے سیّد اشفاق حسین، شرافت حسین بخاری، ملک عامر ڈوگر، ظہرعلی شاہ اور سردار نوید حیدر شامل تھے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں