نیشنل فٹ بال چیلنج کپ کیلئے 20 رکنی قومی جونیئر ٹیم (پی ایف ایف ٹائیگرز) کا اعلان، ٹیم کی قیادت دانیال حسین بخاری کریں گے

جمعہ 19 جولائی 2019 17:16

نیشنل فٹ بال چیلنج کپ کیلئے 20 رکنی قومی جونیئر ٹیم (پی ایف ایف ٹائیگرز) کا اعلان، ٹیم کی قیادت دانیال حسین بخاری کریں گے
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) پاکستان فٹ بال فیڈریشن نے نیشنل فٹ بال چیلنج کپ کیلئے 20 رکنی قومی جونیئر ٹیم (پی ایف ایف ٹائیگرز) کا اعلان کر دیا۔ ٹیم کی قیادت دانیال حسین بخاری کریں گے جبکہ اسد اللہ نائب کپتان ہوں گے۔ قومی جونیئر ٹیم کے ہیڈ کوچ گوہر زمان نے بتایاکہ پاکستان فٹ بال فیڈریشن کے صدر انجینئر سید اشفاق حسین شاہ نے 20 رکنی قومی جونیئر ٹیم (پی ایف ایف ٹائیگرز) کے کھلاڑیوں کے ناموں کی منظوری دی ۔

دانیال حسین بخاری ٹیم کے کپتان اور اسد اللہ نائب کپتان ہوں گے۔ دیگر کھلاڑیوں میں نصیرخان، توثیق احمد، واجد علی، شفقت بشیر، رمیز نائب، دانش ممتاز، نیک عالم، عمر سعید، عبدالوحید، مبین خان، محمد یاسین، رضوان اللہ، اسد زمان، اصغر علی، عباس خان، انور شاہ، یاسر خان اور مراد خان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ٹیم کے ہیڈ کوچ گوہر زمان کی زیرنگرانی فضل غفار اور برہان بوبی ٹیم کے ہمراہ کوچنگ کے فرائض جبکہ ٹیم منیجر کے فرائض رانا تنویر احمد انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل فٹ بال چیلنج کپ پشاور میں کھیلا جا رہا ہے۔ چلنج کپ میں ملک بھر سے 15 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جن کو چار گروپوں میں تقسیم کیا گیا ہے۔ گروپ اے میں دفاعی چیمپئن پاکستان ایئر فورس، نیشنل بینک آف پاکستان، پاکستان پولیس، ایشیا گھی ملز، گروپ بی میں سوئی سدرن گیس کمپنی، پاکستان نیوی، پاکستان ٹیلی ویژن، گروپ سی میں پاکستان آرمی، سول ایوی ایشن اتھارٹی، پاکستان ریلویز، پی ایف ایف ٹائیگرز جبکہ گروپ ڈی میں خان ریسرچ لیبارٹری (کے آر ایل)، پاکستان واپڈا، کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) اور کراچی یونائیٹڈ شامل ہیں اور پی ایف ایف ٹائیگرز ٹیم اپنے لیگ کے تین میچز کھیلے گی۔

پہلا میچ 22 جولائی کو پاکستان آرمی کے خلاف، دوسرا 25 جولائی کو پاکستان ایوی ایشن اتھارٹی کے خلاف اور تیسرا میچ 28 جولائی کو پاکستان ریلوے کے خلاف کھیلے گی۔ ٹورنامنٹ 4 اگست تک جاری رہے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں