قومی ٹیم ورلڈ جوڈو چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے پرسوں جاپان روانہ ہو گی

بدھ 21 اگست 2019 12:21

قومی ٹیم ورلڈ جوڈو چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے پرسوں جاپان روانہ ہو گی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اگست2019ء) قومی ٹیم ورلڈ جوڈو چیمپئن شپ میں شرکت کیلئے پرسوں جمعہ کو جاپان روانہ ہو گی۔ ایونٹ میں شرکت کرنے والے چاروں کھلاڑی شاندار کارکردگی کیلئے پرامید ہیں۔ پاکستان جوڈو فیڈریشن کے نائب صدر اور میڈیا ڈائریکٹر مسعود احمد خان نے ’’اے پی پی‘‘ کو بتایا کہ چیمپئن شپ 25 اگست سے یکم ستمبر تک جاپان کے دارلحکومت ٹوکیو میں کھیلی جائے گی جس میں مجموعی طور پر 151 ممالک کے 889 کھلاڑی شرکت کرینگے۔

ایونٹ میں میزبان جاپان، برازیل، چین، جرمنی، منگولیا، پرتگال، روس اور جنوبی کوریا سمیت ہر ملک کے 18 جوڈو کھلاڑی شرکت کرینگے۔ چیمپئن شپ میں 8 رکنی اولمپین ٹیم بھی پہلی مرتبہ شرکت کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ ایونٹ میں چار کھلاڑی پاکستان کی نمائندگی کرینگے جن میں دو مرد اور دو خواتین شامل ہیں۔

(جاری ہے)

مردکھلاڑیوں میں شاہ حسین شاہ -100 کلو گرام کیٹگری اور محمد حسنین -66 کلو گرام کیٹگری جبکہ خواتین میں آمنہ طیاڈا -57 کلو گرام اور حمیرا -49 کلو گرام کیٹگری کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرینگے۔

شاہ حسین شاہ اور آمنہ طیاڈا پہلے سے ہی جاپان میں تربیت حاصل کر رہے ہیں اور وہ وہاں سے براہ راست ایونٹ میں شرکت کرینگے جبکہ محمد حسنین اور حمیرا ایونٹ میں شرکت کیلئے 23 اگست کو یہاں سے جاپان کیلئے روانہ ہونگے۔ یہ چیمپئن شپ ٹوکیو میں ہونے والے اولمپکس گیمز کیلئے کوالیفائنگ رائونڈ ہے۔ یہ چیمپئن شپ ہمارے لئے بہت اہم ہے اگر اس ایونٹ میں ہم طلائی تمغہ حاصل کر لیتے ہیں تو اولمپکس گیمز میں ڈائریکٹ کھلاڑیوں کی انٹری ہو جائے گی۔

مسعود احمد خان نے بتایا کہ فیڈریشن کی شاہ حسین شاہ اور آمنہ طیاڈا سے بہت سی تواقعات وابستہ ہیں کیونکہ دونوں نے جاپان میں بھرپور تربیت حاصل کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر کھلاڑیوں نے چاندی یا کانسی کا تمغہ جیتا تو ان کی عالمی مقابلوں میں رینکنگ میں بہتری آ سکتی ہے۔ محمد حسنین قومی چیمپئن ہے۔ انہوں نے حالیہ ازبکستان میں ہونے والی ملٹری جوڈو چیمپئن شپ میں چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا جبکہ حمیرا نے سائوتھ ایشین میں طلائی کا تمغہ جیتا تھا۔

متعلقہ عنوان :

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں