پاکستان انٹرنیشنل سیریز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ 7 نومبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگا

بدھ 16 اکتوبر 2019 15:25

پاکستان انٹرنیشنل سیریز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ 7 نومبر سے اسلام آباد میں شروع ہوگا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اکتوبر2019ء) پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے زیراہتمام پاکستان انٹرنیشنل سیریز بیڈمنٹن ٹورنامنٹ 7 نومبر سے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے روڈھم ہال، اسلام آباد میں شروع ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے سیکرٹری جنرل واجد علی چوہدری نے اسلام آباد بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے صدر پرویز ملک کے ہمراہ جناح سٹیڈیم کے میڈیا سنٹر میں ایک پریس کانفرنس کے دوران کیا، اس موقع پر اسلام آباد بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے عہدیداران سید زاہد حسین، مجاہد خان کے علاوہ الائیڈ بیڈمنٹن اکیڈمی کے کوچ آغا سعود امجد بھی موجود تھے، واجد چوہدری نے بتایا کہ ٹورنامنٹ کی تیاریاں ابھی سے شروع کر دی گئیں ہیں اور اس ٹورنامنٹ کی عالمی تنظیم نے منظوری دی ہے۔

(جاری ہے)

ٹورنامنٹ میں بارہ ممالک کی ٹیموں کے کھلاڑی حصہ لیں گے جن میں میزبان پاکستان سمیت امریکہ، ملائیشیا، تھائی لینڈ، جمہوریہ چیک، موریشس، مالدیپ، ایران، عراق، کینیڈا، افغانستان اور نیپال کے کھلاڑی شامل ہیں۔ ٹورنامنٹ میں چار مختلف کیٹیگریز کے مقابلے ہونگے جن میں مینز سنگلز، مینز ڈبلز، ویمنز سنگلز، ویمنز ڈبلز اور مکس ڈبلز مقابلے شامل ہیں۔

ٹورنامنٹ میں دس ہزار ڈالرز کی انعامی رقم رکھی گئی ہے۔ ٹورنامنٹ 10 نومبر تک جاری رہے گا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ میں بھارت نے اپنی انٹری نہیں کروائی اور اس کی انٹری عالمی تنظیم کے پاس ہوتی ہے۔ ٹورنامنٹ منعقد کروانے کا ایک سال پہلے کا اعلان کیا ہوا اور اس کو نیشنل گیمز کے باعث ملتوی نہیں کر سکتے اور ہماری کوشش ہوگی کہ وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا، پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور خیبرپختونخوا اولمپک ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے ملاقات کرکے نیشنل گیمز کچھ دن آگے لاجانے کی درخواست کی جائے گی۔

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ سے فنڈز کے بارے میں درخواست کی ہے، انہوں نے کہا کہ یونیکس ہمارا ٹائٹل سپانسر ہے، یونیکس ہی ہمیں سپورٹ کر رہا ہے اور یونیکس ہمیں 10 ہزار ڈالر دے گا، کھلاڑیوں کو سہولیات دینے کے حوالے سے واجد چوہدری نے بتایا کہ بین الاقوامی کھلاڑیوں کو ہوٹل میں رہائش دیں گے اور اپنے قومی کھلاڑیوں کو ہاسٹل میں رہائش دی جائے گی۔ آخر میں واجد چوہدری نے 5 نومبر کو میڈیا بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کروانے کا بھی اعلان کیا اور اے پی پی کے شفیق راجہ کو ٹورنامنٹ کوآرڈینیٹر مقرر کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں