کرکٹ ٹیم کے دورے سے قبل سیکیورٹی کا جائزہ لینے بنگلہ دیشی وفد کراچی پہنچ گیا

جمعہ 18 اکتوبر 2019 00:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2019ء) رواں ماہ بنگلہ دیشی ویمن اور انڈر 16 کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے بنگلہ دیشی وفد کراچی پہنچ گیا۔تفصیلات کے مطابق پاکستان میں بنگلہ دیش کی مختلف ٹیموں کی کرکٹ سیریز کے دوران سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے بنگلہ دیش کا چار رکنی وفد کراچی پہنچا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان اور سیکیورٹی منیجر کرنل عثمان نے وفد کا استقبال کیا۔بنگلہ دیشی وفد میں کرنل عتیق الزمان، کمانڈر محمد رحم الحسین، محمد شریف اور راسل رانا شامل ہیں۔ذرائع کے مطابق وفد کے تمام اراکین بنگلا دیشی حکومت اور سیکیورٹی اداروں کے نمائندے ہیں جو یہاں سیکیورٹی حکام سے ملاقاتیں کرینگے اور اپنی رپورٹ بنگلا دیشی حکومت کو دینگے جواس رپورٹ کی روشنی میں بنگلہ دیشی بورڈ کو دورے کے حوالے سے اپنا مؤقف دے گی۔

(جاری ہے)

بنگلہ دیشی وفد (آج )کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سیکیورٹی انتظامات کا جائزہ لے گا، اس کے بعد لاہور اور اسلام آباد میں بھی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔واضح رہے کہ بنگلہ دیش ویمن کرکٹ ٹیم کی 23 اکتوبر جبکہ انڈر16 ٹیم کی آمد 22 اکتوبر کو شیڈول ہے۔ بنگلہ دیش کرکٹ ٹیم نے آئندہ سال جنوری فروری میں پاکستان کا دورہ کرنا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں