پاکستان سپورٹس بورڈ سائوتھ ایشین گیمز کی تیاری کے لئے جلد از جلد کیمپ لگائے، انعام بٹ

منگل 22 اکتوبر 2019 19:46

پاکستان سپورٹس بورڈ سائوتھ ایشین گیمز کی تیاری کے لئے جلد از جلد کیمپ لگائے، انعام بٹ
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 اکتوبر2019ء) پاکستانی پہلوان محمد انعام بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان سپورٹس بورڈ سائوتھ ایشین گیمز کی تیاری کے لئے جلد از جلد کیمپ لگائے۔ ان خیالات کا اظہار گذشتہ روز ’اے پی پی‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ 13 ویں سائوتھ ایشین گیمز رواں سال دسمبر میں کھٹمنڈو نیپال میں کھیلی جائے گی جس کی تیاری کے سلسلہ ابھی تک پاکستان سپورٹس بورڈ نے تربیتی کیمپ نہیں لگائے اور گیمز شروع ہونے میں تقریبا ایک ماہ بقایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل گیمز 9 سے 14 نومبر تک پشاور میں کھیلی جائے گی جس بعد کھلاڑیوں کے پاس سیف گیمز کی تیاری کے لئے بہت کم وقت ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہاکہ میرے لئے اس سے زیادہ اعزاز کی کیا بات ہوسکتی ہے کہ میں نے میں نے قطر میں کھیلی گئی عالمی بیچ ریسلنگ چیمپئن شپ میں چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ سیف گیمز کی تیاری کے لئے جلدی تربیتی کیمپ لگانے سے بہترین تنائج سامنے آسکتے ہیں۔

انعام بٹ نے کہا کہ ریسلنگ کے کھلاڑیوں کا تربیتی کیمپ لاہور میں لگایا جائے۔ دو بار کامن ویلتھ گیمز کے 84 اور 86 کلوگرام کے ایونٹ میں فتح حاصل کرنے والے انعام بٹ نے کہا کہ ایشین ریسلنگ چیمپئن شپ آئندہ برس فروری میں بھارت کھیلی جائے گی اور دو عالمی اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ مارچ اور اپریل میں بالترتیب چین اور بلغاریہ منعقد ہوگا جس کی تیاری بھی بہت ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ مجھے اولمپک کوالیفائنگ راؤنڈ کی تیاری کے سلسلہ میں مناسب سہولیات فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ تربیت کے لئے روس بھیجے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں