خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئیں

جمعہ 22 نومبر 2019 20:03

خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئیں
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 نومبر2019ء) خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب کی ٹیمیں قائداعظم ٹرافی سیکنڈ الیون ٹورنامنٹ کے فائنل میں پہنچ گئیں۔ خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب کی ٹیموں کے درمیان ایونٹ کا فائنل 26 سے 29 نومبر تک اسٹیٹ بنک سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔ این بی پی اسٹیڈیم کراچی میں کھیلے گئے تین روزہ میچ میں خیبرپختونخوا نے ناردرن کو 2 وکٹوں سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل کرلی ہے۔

خیبرپختونخوا نے 195 رنز کا ہدف 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کیا۔ خیبرپختونخوا کی جانب سے محمد محسن کی شاندار بیٹنگ اور آصف آفریدی کی عمدہ باؤلنگ نے ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔ کھیل کے آخری روز ناردرن نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 161 رنز سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کیا تو اسپنر آصف آفریدی کی نپی تلی باؤلنگ کی بدولت پوری ٹیم 174 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

(جاری ہے)

پہلی اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرنے والے آصف آفریدی نی میچ میں 9 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔ 20 رنز کی برتری سے دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی ناردرن کی ٹیم نے خیبرپختونخوا کو جیت کے لیے 195 رنز کا ہدف دیاتو اوپنر محمد محسن تن تنہا رضا حسن اور رضا الحسن پر مشتمل ناردرن کی اسپن جوڑی کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوگئے۔ انہوں نے 165 گیندوں پر 95 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلادی۔

خیبرپختونخوا کی ٹیم نے مقررہ ہدف 50ویں اوور میں 8وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔ محمد محسن کے علاوہ کوئی بیٹسمین بھی زیادہ دیر کریز پر نہ کھڑا ہوسکا۔ ڈرنگ اسٹیڈیم بہالپور میں سدرن پنجاب اور سنٹرل پنجاب کے درمیان کھیلا گیا میچ بے نتیجہ ختم ہوگیا۔ 5وکٹوں کے نقصان پر 270 بنانے والی سنٹرل پنجاب کی ٹیم نے میچ کے تیسرے روز 80ویں اوور میں8وکٹوں کے نقصان پر295 رنز بناکر اپنی پہلی اننگز ڈکلیئر کردی۔

14 رنز کے خسارے سے اپنی دوسری اننگز کا آغاز کرنے والی سدرن پنجاب کی ٹیم نی3وکٹوں کے نقصان پر 150 رنزبنائے تھے کہ میچ کے لیے مقررہ وقت ختم ہوگیا۔ اوپنر مختار احمد اور انس مصطفیٰ کے درمیان 92 رنز کی ابتدائی شراکت قائم ہوئی۔ مختار احمد 50 اور انس مصطفیٰ 44 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ میچ ڈرا کرنے کے باوجود سدرن پنجاب کی ٹیم نے پوائنٹس ٹیبل پر بہتر پوزیشن کے باعث ایونٹ کے سیمی فائنل میں رسائی حاصل کی۔

نیا ناظم آباد گراؤنڈ کراچی میں سندھ نے آخری راؤنڈ میں بلوچستان کو 10 وکٹوں سے شکست دے دی ہے۔ میچ کے آخری روز 2وکٹوں کے نقصان پر 30 رنز سے اپنی دوسری اننگز کا دوبارہ آغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم ایک بار پھر بڑا مجموعہ بنانے میں ناکام رہی۔ 172 رنز کے خسارے سے دوسری اننگز کاآغاز کرنے والی بلوچستان کی ٹیم میچ کے آخری روز 220 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔

آل راؤنڈر جنید خان 61 اور مڈل آرڈر بیٹسمین اکبر الرحمٰن 51رنز بناکر ٹاپ اسکورر رہے۔ سندھ کی جانب سے ولید احمد نے میچ میں 8 اور دانش عزیز نے 6 وکٹیں حاصل کیں۔ جواب میں سندھ کی ٹیم نے 49 رنز کا ہدف بغیر کسی نقصان کے 15ویں اوور میں حاصل کرلیا۔ میچ میں کامیابی کے باوجود سندھ کی ٹیم ایونٹ کے فائنل میں رسائی حاصل نہیں کرسکی۔ خیبرپختونخوا اور سدرن پنجاب کی ٹیموں کے درمیان ایونٹ کا فائنل 26 سے 29 نومبر تک اسٹیٹ بنک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں