جنوبی افریقہ آئندہ سال ٹیم پاکستان بھیجنے کیلئے تیار ہے ، وسیم خان

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نے مستقبل قریب میں بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے امکان کو یکسر مسترد کردیا

جمعہ 13 دسمبر 2019 16:05

جنوبی افریقہ آئندہ سال ٹیم پاکستان بھیجنے کیلئے تیار ہے ، وسیم خان
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 دسمبر2019ء) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف ایگزیکٹو وسیم خان نے سری لنکن ٹیم کے دورہ پاکستان کے بعد پاکستانی شائقین کو ایک اور خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ بھی آئندہ سال پاکستان ٹیم بھیجنے پر راضی ہو گیا ہے۔ایک انٹرویو میں وسیم خان نے ٹیسٹ کرکٹ کی ملک میں واپسی کو پاکستان کرکٹ بورڈ کا اصل ہدف قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات ٹھیک ہے کہ وائٹ بال کرکٹ ہم کھیل رہے تھے مگر ٹیسٹ کرکٹ سب سے زبردست کرکٹ ہے اور ہمارے کھلاڑیوں کو ٹیسٹ کرکٹ کا تجربہ چاہیے۔انہوںنے کہاکہ سری لنکا کی ٹیم پاکستان آئی ہے اور گزشتہ روز بہت سپورٹرز بھی میدان میں نظر آئے، ہم ایک ٹیسٹ کراچی میں بھی کھیل رہے ہیں جو ہم سب کیلئے بہت اچھا ہے اور ہمیں اس کا جشن منانا چاہیے۔

(جاری ہے)

وسیم خان نے شائقین کو خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے آئندہ سال مارچ میں جنوبی افریقہ کی ٹیم کو بھی دورہ پاکستان کی دعوت دی ہے۔انہوں نے کہا کہ ابھی ہم جنوبی افریقہ سے بات کر رہے ہیں، انہیں مارچ کے آخر میں تین ٹی20 میچز کھیلنے کے لیے بلایا ہے، ان کا بورڈ راضی ہے اور وہ کھلاڑیوں سے دورہ پاکستان کے بارے میں بات کررہا ہے۔

پی سی بی کے چیف ایگزیکٹو نے مستقبل قریب میں بھارتی ٹیم کے دورہ پاکستان کے امکان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاک،بھارت سیریز دونوں حکومتوں کا معاملہ ہے اور جب تک دونوں ملکوں کی حکومتیں تیار نہیں ہوتیں، اس وقت تک اس معاملے میں کوئی پیشرفت نہیں ہو سکتی۔انہوں نے بتایا کہ ایم سی سی کی ٹیم بھی آرہی ہے جو انگلینڈ میں کافی معروف ٹیم سمجھی جاتی ہے اور سابق سری لنکن کپتان سنگاکارا اس ٹیم کی قیادت کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں