پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میچ پرسوں کھیلا جائے گا

پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کرینگے، قومی ٹیم میزبان ٹیم کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچز کی سیریز کھیلے گی

بدھ 22 جنوری 2020 12:18

پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان پہلا ٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میچ پرسوں کھیلا جائے گا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 جنوری2020ء) پاکستان اور بنگلہ دیش کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کا پہلا میچ پرسوں جمعہ کو قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا۔ میچ پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دن 2 بجے شروع ہوگا۔ پاکستان ٹیم کی قیادت بابر اعظم کرینگے جبکہ بنگلہ دیشی ٹی ٹونٹی ٹیم کی قیادت 33 سالہ محمود اللہ کرینگے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی سلیکشن کمیٹی نے پہلے ہی بنگلہ دیش کے خلاف تین ٹی ٹونٹی میچوں پر مشتمل سیریز کیلئے 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان کر رکھا ہے، نومبر میں دورہ آسٹریلیا کیلئے روانہ ہونے والی16 رکنی قومی ٹی ٹونٹی اسکواڈ میں7 تبدیلیاں کی گئی ہیں، جس کے مطابق تجربہ کار شعیب ملک، محمد حفیظ اور شاہین شاہ آفریدی کی اسکواڈ میں واپسی ہوئی ہے، فخر زمان، آصف علی،حارث سہیل،امام الحق، وہاب ریاض، محمد عامر اور محمد عرفان کو ڈراپ کردیا گیا ہے، بابر اعظم ٹیم کے کپتان ہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں احسان علی، عماد بٹ، حارث رؤف، افتخار احمد، عماد وسیم ، خوشدل شاہ، محمد حفیظ ، محمد حسنین ، محمد رضوان( وکٹ کیپر)، شاہین شاہ آفریدی، شعیب ملک اورعثمان قادر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

دونوں ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا میچ 25 جنوری جبکہ تیسرا اور آخری ٹی ٹونٹی میچ 27 جنوری کو لاہور میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان ٹیم لاہور میں موجود ہے جہاں وہ سیریز کیلئے بھرپور تیاریوں میں مصروف ہے۔ واضح رہے کہ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے مابین شیڈول تین ٹی 20 میچوں کی سیریز کیلئے رنجن مدوگالے کو میچ ریفری مقرر کیا ہے ۔ احسن رضا اور شوزب رضا امپائرنگ کے فرائض انجام دیں گے۔ احمد شہاب کو تھرڈ اور طارق رشید کو فورتھ امپائر مقرر کیا گیا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں