پی ایس ایل5، کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو کامیابی کے لیی202 رنز کا ہدف دیا

ہفتہ 22 فروری 2020 00:05

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 فروری2020ء) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے پانچویں ایڈیشن کے دوسرے میچ میں کراچی کنگز نے پشاور زلمی کو کامیابی کے لیے 202رنز کا ہدف دیا ، پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تو شرجیل خان اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا۔ کرکٹ میں واپسی کرنے والے شرجیل خان روایتی جارحانہ انداز میں نظر آئے اور حسن علی کو لگاتار دو چھکے لگائے لیکن اسی اوور میں تیسرا چھکا لگانے کی کوشش میں وہ شعیب ملک کے ہاتھوں کیچ ہوگئے ، انہوں نے 11 گیندوں پر 19رنز بنائے۔

اس کے بعد بابر کا ساتھ دینے کے لئے کیمرون ڈیلپورٹ آئے اور دونوں نے ذمہ دارانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 48رنز بنائے۔ اس سے قبل کہ یہ شراکت حریف ٹیم کے لئے خطرناک ثابت ہوتی، محمد محسن نے ڈیلپورٹ کی وکٹ لے کر اپنی ٹیم کو شاندار کامیابی دلائی جنہوں نے 3 چوکوں کی مدد سے 20رنز بنائے۔

(جاری ہے)

بابر اعظم اور عماد وسیم نے تیسری وکٹ کے لیے 97 رنز بنائے اور اس دوران بابر نے اپنی 36 ویں ٹونٹی ٹونٹی نصف سنچری مکمل کی جس کے بعد بابر 78 رنز بنا کر آوٹ ہوئے۔

کپتان عماد وسیم اپنی تیسری ٹونٹی ٹونٹی ففٹی مکمل کرنے کے بعد حسن علی کی گیند پر شعیب ملک کے شاندار کیچ کی بدولت آئوٹ ہوئے۔ اس سے قبل پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن سیمی نے ٹاس جیت کر کراچی کنگز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔ڈیرن سیمی نے کہا کہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے اور ہم کراچی کنگز کو کم رن تک محدود کر کے ہدف کا تعاقب کرنے کی کوشش کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے غیرملکی کھلاڑیوں میں میرے سمیت، ٹام بینٹن، لیام ڈاسن اور لیام لیونگسٹن شامل ہیں۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم نے کہا کہ یہ وکٹ بیٹنگ کے لیے اچھی لگ رہی ہے اورخواہش تھی ک ٹاس جیت کر میں بھی پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کرتا۔عماد نے کہا کہ ہم اس وکٹ پر کم از کم 170رنز بنانے کی کوشش کریں گے۔ کراچی کنگز کی ٹیم میں عماد وسیم(کپتان)، چیڈوک والٹن، بابر اعظم، شرجیل خان، افتخار احمد، کیمرون ڈیلپورٹ، محمد رضوان، عمید آصف، محمد عامر، کرس جورڈن اور ارشد اقبال شامل ہیں جبکہ پشاور زلمی کی ٹیم میں ڈیرن سیمی(کپتان)، ٹام بینٹن، لیام لیونگسٹن، کامران اکمل، حیدر علی، محمد محسن، شعیب ملک، ڈیرن سیمی، لیام ڈاسن، وہاب ریاض، حسن علی اور راحت علی شامل ہیں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں