28 ویں نیشنل اسکی چمپئن شپ کی سلالم کیٹیگری میں اولمپیئن محمد کریم نے سونے کا تمغہ جیت لیا

جمعہ 22 جنوری 2021 17:54

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2021ء) پی اے ایف اسکی ریزورٹ نلتر میں منعقدہ 28ویں نیشنل اسکی چمپئن شپ میں دو مرتبہ سرمائی کھیلوں میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے محمد کریم نے سلالم کیٹیگری میں طلائی تمغہ اپنے نام کر لیا۔ انہوں نے اس کیٹیگری کی دونوں ریسوں میں شاندار مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے مد مقابل اسکیئرز پر اپنی برتری ثابت کی۔

اسی کیٹیگری کے چاندی اور کانسی کے تمغے گلگت بلتستان اسکاؤٹس کے میر نواز اور زاہد عباس نے حاصل کئے۔

(جاری ہے)

ان مقابلوں میں پاک فضائیہ،پاک آرمی، گلگت بلتستان اسکاؤٹس، گلگت بلتستان اسکی ایسوسی ایشن، سوات، پنجاب، بلوچستان، سندھ، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، ہائیر ایجوکیشن، سول ایوی ایشن اتھارٹی اور الپائن کلب کی ٹیموں نے شرکت کی۔دوسری طرف چوتھے سنو بورڈنگ کپ میں گلگت بلتستان اسکی ایسوسی ایشن کے اسنوبورڈرز چھائے رہے اور مقابلوں کے تمام میڈلز جیت کر یہ کپ اپنے نام کر لیا۔ احمد وکیل اپنی عمدہ کارکردگی کی بدولت طلائی تمغے کے حقدار قرارپائے۔ جبکہ حسین خالد اور محمد رحمٰن نے بالترتیب چاندی اور کانسی کے تمغے جیتے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں