رسجا انٹر میڈیا آزادی کپ کا آغاز( کل) یکم اگست سے اسلام آباد کے نیشنل گرائونڈ میں ہوگا

مودی حکومت نے کشمیر پریمئیر لیگ کے کھلاڑیوں پر دبائو ڈال کر اپنی مکروہ ذہنیت کا ثبوت دیا ہے،مرادسعید بھارتی دبائو مسترد کرنے والے کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں، کرکٹ سیاست سے بالاتر کھیل ہے جس نے ہمیشہ قوم کو جوڑا ہے،خبروں کے ساتھ ساتھ صحافیوں کو کھیل کے میدان میں دیکھنا زبردست تجربہ ہو گا،وفاقی وزیر کا تقریب رونمائی سے خطاب

ہفتہ 31 جولائی 2021 22:57

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 جولائی2021ء) وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے کہا ہے کہ مودی حکومت نے کشمیر پریمئیر لیگ کے کھلاڑیوں پر دبائو ڈال کر اپنی مکروہ ذہنیت کا ثبوت دیا ہے، بھارتی دبائو مسترد کرنے والے کھلاڑی مبارکباد کے مستحق ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی اسلام آباد سپورٹس جرنلسٹ ایسوسی ایشن ((رسجا)کے زیراہتمام رسجا انٹرمیڈیا آزادی کپ ٹرافی کی تقریب رونمائی سے بحثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کرکٹ سیاست سے بالاتر کھیل ہے جس نے ہمیشہ قوم کو جوڑا ہے۔ انہوں نے کہا دنیا کا پہلا پارلیمنٹیرین ورلڈ کپ جیتنے والی پاکستان کی پارلیمنٹ کی ٹیم بھی اس ٹورنامنٹ میں شرکت کر رہی ہے اس کے علاوہ مختلف میڈیا ہائوسز کی ٹیمیں ہیں اس سے صحت مند سرگرمیوں کو فروغ حاصل ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے تمام ٹیموں پر زور دیا کہ اس ٹورنامنٹ کے دوران کورونا ایس او پیز کاخصوصی خیال رکھا جائے۔

اس موقع پر نوشہر ہ سے رکن قومی اسمبلی عمران خٹک ،حامد میر، شکیل شیخ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ رسجا انٹر میڈیا آزادی کپ کا آغاز( آج) یکم اگست سے اسلام آباد کے نیشنل گرائونڈ میں ہوگا۔ ایونٹ میں جیو نیوز ،دنیا ٹی وی ،اے آر وائی سمیت میڈیا ہائوسز کی ٹیمیں شریک ہوں گی،ایونٹ میں وفاقی وزرا اور اراکین پارلیمنٹ پر مشتمل پارلیمنیٹرین الیون بھی ایکشن میں دکھائی گی جبکہ رسجا کی ٹیم بھی اس آزادی کپ میں حصہ لے گی ۔

جیتے والی ٹیم کو پانچ لاکھ جبکہ رنر اپ کو اڑھائی لاکھ کی انعامی رقم ملے گی کی تقریب ٹرافی و کٹ رونمائی اسلام آباد میں منعقد کی گئی۔اس موقع پر ٹرافی کی رونمائی کے ساتھ ساتھ تمام ٹیموں کو ایونٹ کی کٹس پیش کی گئیں،اس موقع میڈیا سے گفتگو میں مراد سعید نے کہا کہ خبروں کے ساتھ ساتھ صحافیوں کو کھیل کے میدان میں دیکھنا زبردست تجربہ ہو گا،سیاست دان بھی ایونٹ میں ان ایکشن ہوں گے،انہوں نے کرکٹ ٹورنامنٹ کے انعقاد پر راولپنڈی اسلام آباد اسپورٹس جرنلسٹس ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ مصروفیت کے اس دور میں کھیل کی سرگرمی تازہ ہوا کا جھونکا ہو گا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں