وزیراعظم کی نیوزی لینڈ، انگلینڈ کی ٹیموں کے دوروں کی منسوخی کے حقائق سامنے لانے کی ہدایت

وزیراعظم نے وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو حقائق سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد دونون وزرا جلد حقائق سے آگاہ کرنے کے لیے پریس کانفرنس کریں گے، ذرائع

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری منگل 21 ستمبر 2021 20:58

وزیراعظم کی نیوزی لینڈ، انگلینڈ کی ٹیموں کے دوروں کی منسوخی کے حقائق سامنے لانے کی ہدایت
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 21ستمبر 2021) حکومت کا نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کی ٹیموں کے دوروں کی منسوخی میں بیرونی سازشوں کا پردہ چاک کرنے کا فیصلہ، وزیراعظم نے وزیر داخلہ شیخ رشید کو دونوں ٹیموں کے دوروں کی منسوخی کے حقائق سامنے لانے کی ہدایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے دوروں کی منسوخی سے متعلق حقائق سامنے لگانے کی ہدایت کردی۔

ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے اس سلسلے میں سینئر وزرا سے مشاورت کی اور تمام حقائق سامنے لانے کی ہدایت کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ وزیراعظم نے وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر اطلاعات فواد چوہدری کو حقائق سے آگاہ کرنے کی ہدایت کی ہے جس کے بعد دونون وزرا جلد حقائق سے آگاہ کرنے کے لیے پریس کانفرنس کریں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا بتانا ہےکہ حکومت نے دونوں ٹیموں کے دوروں کی منسوخی میں بیرونی سازشوں کا پردہ چاک کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں جعلی اکاؤنٹس سے ای میلز اور جعلی خبروں سمیت تمام حقائق سامنے لائے جائیں گے۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کی جانب سے سکیورٹی خدشات کو بہانہ بنا کر دورہ پاکستان کینسل کیئے جانے کے بعد ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے لیے اعلان کردہ قومی سکواڈ کے کھلاڑی اب نیشنل ٹی ٹونٹی کپ کے لیے اسلام آبادمیں موجود ہیں جہاں ان کی بدھ کے روز وزیراعظم عمران خان سے ملاقات متوقع ہے،ذرائع کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی مصروفیات کومد نظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی ملاقات کے وقت کا تعین کیا جائے گا، اس ملاقات میں چیئر مین پی سی بی رمیز راجہ بھی موجود ہوں گے اور وزیراعظم سے کھلاڑیوں کی اس ملاقات کا مقصد ان کا حوصلہ بڑھانا ہے۔

1992ء ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم کے کپتان عمران خان اپنے تجربات سے آگاہ کریں گے اور نوجوان کھلاڑیوں کو ٹپس دیں گے۔یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کی واپسی کے بعد کرکٹرز کے لیے نئی مصروفیت تلاش کرلی ہے۔ نیوزی لینڈ ٹیم کے سیریز کھیلنے سے انکار کے بعد پی سی بی نے بنگلا دیش اور سری لنکا کی ٹیموں کو بلانے کی کوشش کی تھی تاکہ ورلڈ کپ کی تیاریوں کا موقع مل سکے تاہم لاجسٹک مسائل کی وجہ سے یہ ٹورز ممکن نہیں ہوسکے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں