روایتی حریف بھارت کیخلاف پاکستانی شاہینوں کی جیت کی خوشی میں آزادکشمیر ،گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں جشن

ہدف حاصل ہوتے ہی شائقین کرکٹ نعرہ تکبیر اللہ اکبر ،پاکستان زندہ اور قومی ٹیم کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے جیت کی خوشی میں بھنگڑے ،ہوائی فائرنگ کی بھی اطلاعات، خواتین جیت کی خوشی میں جذبات پر قابونہ رکھ سکیں ،خوشی کے آنسونکل آئے کئی مقامات پر تاجروں نے قومی ٹیم کی جیت کی خوشی میں کھانے پینے کی اشیاء مفت تقسیم کردیں ،پولیس کی بھاری نفری تعینات رہی

اتوار 24 اکتوبر 2021 23:05

روایتی حریف بھارت کیخلاف پاکستانی شاہینوں کی جیت کی خوشی میں آزادکشمیر ،گلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں جشن
اسلام آباد/لاہور/کراچی/پشاور/کوئٹہ/آزادکشمیر/گلگت بلتستان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 اکتوبر2021ء ) ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچ میں روایتی حریف بھارت کے خلاف پاکستانی شاہینوں کی جیت کی خوشی میں آزادکشمیر اورگلگت بلتستان سمیت پورے ملک میں بھرپور جشن منایا گیا ،بھارتی ٹیم کی جانب سے دیا گیا ہدف حاصل ہوتے ہی شائقین کرکٹ نعرہ تکبیر اللہ اکبر ،پاکستان زندہ اور قومی ٹیم کے حق میںنعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے اور جیت کی خوشی میں بھنگڑے ڈالتے رہے ، کئی مقامات پر ہوائی فائرنگ کی بھی اطلاعات ہیں ،شائقین کرکٹ نے روایتی حریف بھارت سے کامیابی کی خوشی میں ایک دوسرے کو گلے لگ کر مبارکبادیں دی اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی شاہینوں کی بھارتی سورمائوں کو شکست سے ساری قوم میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ، شائقین کرکٹ دیوانہ وار ایک دوسرے سے لپٹ گئے اور مبارکبادیںدیتے رہے ۔

(جاری ہے)

کئی شائقین کرکٹ خصوصاً خواتین جیت کی خوشی میں اپنی جذبات پر قابونہ رکھ سکیں اور ان کی آنکھوں سے خوشی کے آنسو جاری ہو گئے ۔ نوجوان شائقین کرکٹ قومی ٹیم کی جانب سے ہدف حاصل ہوتے ہی نعرہ تکبیر اللہ اکبر،پاکستان زند ہ باد، قومی ٹیم زندہ باد کے نعرے لگاتے ہوئے سڑکوں پر نکل آئے ۔

شائقین کرکٹ ہاتھوںمیں پاکستان کے پرچم تھام کر نعرے لگاتے ہوئے بھنگڑے ڈالتے رہے ۔ کسی ناخوشگوار واقعہ سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری بھی تعینات رہی ۔ پاکستانی ٹیم کی کامیابی پر مٹھائیاں بھی تقسیم کی گئیں ۔ کئی مقامات پر تاجروںنے قومی ٹیم کی جیت کی خوشی میں کھانے پینے کی اشیاء مفت تقسیم کردیں ۔ بعض علاقوںمیں قومی ٹیم کی کامیابی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ بھی کی گئی جبکہ کئی مقامات پر آتش بازی بھی کی گئی ۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں