پاک فضائیہ نے تیسواں چیف آف ائیر سٹاف چیلنج کپ پولو ٹورنامنٹ جیت لیا

پیر 6 دسمبر 2021 14:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 دسمبر2021ء) پاک فضائیہ نے اسلام آبادپولو کلب میں کھیلا جانے والا تیسواں چیف آف ائیر سٹاف چیلنج کپ پولوٹورنامنٹ جیت لیا۔ ایک سنسنی خیز فائنل میں پاک فضائیہ نے پی اے ایف بلیو کو پانچ کے مقابلہ میں چار گول سے شکست دی اور ٹائٹل کی حقدار ٹھہری۔ اس فائنل کے مہمانِ خصوصی سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو تھے۔

ترجمان کے مطابق مہمان خصوصی نے کھلاڑیوں میں انفرادی انعامات تقسیم کئے اور جیتنے والی ٹیم کو چیف آف ائیر سٹاف چیلنج کپ پولو ٹورنامنٹ کی ٹرافی دی۔ ائیر چیف نے جیتنے والی ٹیم کو مبارکباد دی اور پاکستان میں کھیلوں کے فروغ کے لیے ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر کلب انتظامیہ کی تعریف کی۔

(جاری ہے)

مہمان خصوصی نے نوجوانوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کے لیے کھیلوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

یہ ٹورنا منٹ 29 نومبر کو شروع ہوا جس میں پی ایایف، پی اے ایف بلیو، پی اے ایف وائیٹ، آسیان کالاباغ، بوکیوال، براق اے ایس سی، ہاکونہ مٹاٹا اور پی بی جی کی ٹیموں نے حصہ لیا۔ سفارت کاروں، فوج اور سول کے اعلٰی عہدیداران کے علاوہ پولو گیم کے شائیقین نے یہ دلچسپ فائنل میچ دیکھا۔ چیف آف ائیر سٹاف چیلنج پولو کپ 1985 ء میں پہلی دفعہ منعقد کیا گیا اور اس کے بعد سے یہ پاک فضائیہ کے اسپورٹس کیلینڈر میں ایک اہم حیثیت حاصل کر چکا ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں