وزیر اعظم ٹیلنٹ ہنٹ اسپورٹس لیگ کے تحت ملک بھر میں 12 مختلف کھیلوں کے مقابلے کرائے جا رہے ہیں،وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان

اتوار 26 جون 2022 00:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 جون2022ء) وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شازہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ وزیر اعظم ٹیلنٹ ہنٹ اسپورٹس لیگ کے تحت ملک بھر میں 12 مختلف کھیلوں کے مقابلے کرائے جا رہے ہیں۔ ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مقابلوں کا مقصد نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی طرف راغب کرکے ان کی صلاحیتوں میں نکھار لانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ مقابلے ٹیلنٹ ہنٹ کے تحت ملک کے 25 مختلف علاقوں میں منعقد کیے جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ ملک بھر سے بہترین نوجوان کھلاڑیوں کو بین الاقوامی فورم پر پاکستان کی نمائندگی کے لیے بھیجا جائے گا۔وزیر اعظم کی معاون خصوصی نے کہا کہ اس سلسلے میں ویٹ لفٹنگ لیگ کا بھی انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

صوبے بھر سے بہترین ٹیلنٹ تلاش کرنے کے بعد آج صوبائی لیگ اپنے آخری مرحلے میں داخل ہو رہی ہے۔

شازہ فاطمہ نے کہا کہ دیگر کھیلوں کے ساتھ ساتھ پاکستان میں ویٹ لفٹنگ کو فروغ دینا ہے جوہماری اولین ترجیحات میں سے ایک ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبائی سطح پر مقابلے ختم ہونے کے بعد اب نیشنل لیگ کا آغاز ہو گا جس میں ملک بھر سے 100 بہترین کھلاڑی حصہ لیں گے۔ہم کھیلوں سے وابستہ نوجوانوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کرنے کی پوری کوشش کر رہے ہیں۔شازہ فاطمہ نے مزید کہا کہ اسی طرح ٹیلنٹ ہنٹ کے دوسرے مرحلے میں ہاکی، والی بال، جوڈو، باکسنگ اور بیڈمنٹن کے ٹرائلز لیے جائیں گے۔نوجوانوں کے لیے میرا پیغام ہےکہ ٹیلنٹ ہنٹ سپورٹس لیگ میں شرکت کریں اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کو دنیا بھر میں مشہور کریں۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں