آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیسٹ سیریز کے پوسٹر نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی

منگل 12 نومبر 2024 23:21

آسٹریلیا اور بھارت کی ٹیسٹ سیریز کے پوسٹر نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 نومبر2024ء) بھارت اور آسٹریلیا کے درمیان بارڈر گواسکر ٹرافی تو 22 نومبر سے شروع ہونے جا رہی ہیں لیکن ٹیسٹ سیریز سے پہلے ہی اس ٹرافی کے ایک پوسٹر نے نئی بحث چھیڑ دی۔نیوزی لینڈ کے ہاتھوں اپنے ہی گھر میں وائٹ واش ہونے کے بعد بھارتی کرکٹ ٹیم کا اگلا امتحان آسٹریلیا میں ہے جہاں اس نے کینگروز کے خلاف 5 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلنی ہے۔

بھارت کو اگر آئی سی سی ٹیسٹ چیمپئنز شپ کے فائنل میں جگہ بنانی ہے تو یہ سیریز ممکنہ طور پر 1-4 سے جیتنا ہوگی۔ بارڈر گواسکر ٹرافی شروع ہونے سے قبل سیریز کے آفیشل براڈ کاسٹر کی جانب سے اس سیریز کا ایک پوسٹر جاری کیا گیا جس نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔بھارت اور آسٹریلیا سیریز کے آفیشل براڈ کاسٹر( مقامی میڈیا) کی جانب سے سیریز کا پوسٹر جاری ہوا جس میں ایک طرف تو آسٹریلوی کپتان پیٹ کمنز موجود ہیں تو دوسری جانب ویرات کوہلی کی تصویر آویزاں ہے۔

(جاری ہے)

یہ پوسٹر جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تو شائقین کے ذہنوں میں سوال کھڑے ہوگئے کہ کیا روہت شرما آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کپتان نہیں بلکہ ویرات کوہلی ہوں گے، کیوں کہ اکثر سیریز کے پوسٹرز میں دونوں ٹیموں کے کپتانوں کی تصویر لگائی جاتی ہے۔ادھر یہ بھی خبریں ہیں کہ روہت شرما نجی مصروفیات کی وجہ سے آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ میچ نہیں کھیلیں گے، لیکن اس حوالے سے کوئی تصدیق نہیں ہوئی۔

سوشل میڈیا سائٹ ایکس پر سیریز کے پوسٹر کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ایک بھارتی فین نے لکھا کہ ' اب بھی یقین نہیں آرہا کہ روہت شرما پوسٹر سے غائب ہیں، وہ ہمارے کپتان ہیں لیکن کرکٹ کے سب سے بڑے برانڈ کی وجہ سے کوہلی کو یہاں جگہ مل گئی'۔انہوں نے براڈ کاسٹر سے درخواست کی کہ ہمارے کپتان روہت شرما کی تذلیل نہ کریں۔ایک اور صارف نے لکھا کہ آسٹریلوی میڈیا نے پہلے ٹیسٹ کیلئے کوہلی کوکپتان بنادیا ہے، سیریز کے آفیشل پوسٹر پر کپتان روہت شرما کی تصویر ہی نہیں لگائی۔دوسری جانب بھارتی میڈیا یہ پورٹ کر رہا ہے کہ اگر کپتان روہت شرما آسٹریلیا کے خلاف پہلا ٹیسٹ نہیں کھیلتے تو ان کی جگہ نائب کپتان جسپریت بمراہ ٹیم کی قیادت کریں گے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں