قومی بیڈمنٹن ٹیم سیف گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، کوچ لیاقت علی

جمعرات 21 جنوری 2016 12:15

قومی بیڈمنٹن ٹیم سیف گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی، کوچ لیاقت علی

اسلام آباد ۔ 21 جنوری (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔21 جنوری۔2016ء) قومی بیڈمنٹن ٹیم کے کوچ لیاقت علی نے کہا ہے کہ قومی بیڈمنٹن ٹیم سیف گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی اور سیف گیمز 6 سے 16 فروری تک بھارت میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان سپورٹس کمپلیکس میں اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی مردوں اور خواتین ٹیم کا تربیتی کیمپ لیاقت جمنازیم میں جاری ہے جس میں چھ مرد اور چھ خواتین کھلاڑی حصہ لے رہی ہیں مردوں میں عرفان سعید بھٹی، مردار علی رشید، عظیم سرور حامد، سید شبیر حسین جاوید، رضوان اعظم اور وقاص، ڈبلز کیلئے کاشف علی سلہری اور مہمنڈ شامل ہیں جبکہ خواتین کھلاڑیوں میں سحر، خضراء، سدرہ، ہما، صائمہ اور سارہ شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کا انتخاب تین روزہ ٹرائلز کے بعد میرٹ کی بنیاد پر کیا گیا ہے اور قومی ٹیم کے کھلاڑی سیف گیمز میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ میرے علاوہ کوچزافتخار حسین اور ظفر علی خان بھی کھلاڑیوں کو جدید اور اعلیٰ تربیت دے رہے ہیں اور کھلاڑی بھی تربیتی کیمپ میں بھر پور محنت کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو ہفتے میں تین دن ویٹ ٹریننگ بھی کروائی جاتی ہے تاکہ کھلاڑی جسمانی طور پر فٹ ہوں،یہ کیمپ پاکستان سپورٹس بورڈ کے تعاون اور پاکستان بیڈمنٹن فیڈریشن کے زیراہتمام جاری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں لیاقت علی نے کہا کہ پاکستان سپورٹس بورڈ کھلاڑیوں کو تمام سہولیات فراہم کر رہا ہے، جن میں کھانا اور رہائش شامل ہے۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں