اسلام آباد، گلگت بلستان اور کشمیر سمیت بالائی خیبرپختونخوا اور ملحقہ پہاڑی علاقوں میں چند مقامات پر بارش اور پہاڑوں پر بر ف باری کا امکان

جمعہ 24 جنوری 2020 19:26

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 جنوری2020ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، گلگت بلستان اور کشمیر سمیت بالائی خیبرپختونخوا اور اس سے ملحقہ پہاڑی علاقوں میں مطلع ابر آلود رہنے کے ساتھ چند مقامات پر صبح کے اوقات میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر بر ف باری کا امکان ہے، اس دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق (آج) ہفتہ کو اسلام آباد میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ صبح میں بوندا باندی کی توقع ہے۔ کشمیر اور گلگت بلستان کے اضلاع میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہو سکتی ہے۔ خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں سرد اور خشک رہے گا تاہم چترال، دیر مالاکنڈ، ایبٹ آباد، مانسہرہ، کالام، مالم جبہ اور سوات میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

سندھ کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہنے کا امکان ہے۔ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں سرد اور خشک رہے گا تاہم صبح کے اوقات میں راولپنڈی، جہلم، چکوال، سیالکوٹ اور نارووال میں مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے ساتھ ہلکی بارش/بونداباندی جبکہ مری میں برف باری کا امکان ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک جبکہ شمالی علاقہ جات میں شدید سرد رہا۔ جمعہ کو ملک میں کم سے کم درجہ حرارت سکردو منفی 22، بگروٹ منفی 13، استور منفی 12، پارا چنار، گوپس، کالام منفی 11، گلگت منفی 5 اور راولا کوٹ میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔

اسلام آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں