مشرف اگر حقیقی کمانڈوہے تو پاکستان آکر عدالتوں کا سامنا کرے ،گورنر سندھ

پاکستان کی عدالتوں نے جتنی دلچسپی پانامہ کیس میں لی اتنی پاکستان کی محبوب لیڈر شہید بینظیر بھٹو کے کیس پر لیتی تو آج اصل قاتل بے نقاب ہوجاتے ،محمد زبیر

پیر 25 ستمبر 2017 18:13

مشرف اگر حقیقی کمانڈوہے تو پاکستان آکر عدالتوں کا سامنا کرے ،گورنر سندھ
جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2017ء) گورنر سندھ محمد زبیر نے کہاہے کہ پرویز مشرف اگر حقیقی کمانڈوہے تو پاکستان آکر عدالتوں کا سامنا کرے ،ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کر زرداری کو قاتل کہنا مناسب نہیں ،پاکستان کی عدالتوں نے جتنی دلچسپی پانامہ کیس میں لی اتنی پاکستان کی محبوب لیڈر شہید بینظیر بھٹو کے کیس پر لیتی تو آج اصل قاتل بے نقاب ہوجاتے ،ان خیالات کا اظہار انہوںنے جیکب آباد میں وزیر اعظم صحت کارڈ کی افتتاحی تقریب سے خطاب اورصحافیو ں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،تقریب سے اسلم ابڑو، طارق چوہدری ،اسد جونیجو ،سردار سجاد بلیدی ،شاہ محمد شاہ اوردیگرنے بھی خطاب کیا اس موقع پر گورنر سندھ نے اپنے خطاب میں کہاکہ ضلع جیکب آبادسمیت سندھ کے تین اضلاع حیدر آباد ،ٹھٹہ میں صحت کارڈ جاری کرکے عوام کو صحت کی بہتر سہولیات فراہم کرنے کا اپنا وعدہ مکمل کیا ،انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ ن کا پہلا کارنامہ یہ ہے کہ کراچی سمیت سندھ مکمل امن بحال کیا ،امن کی بحالی سے معاشی ترقی کی رفتار تیزہوئی ہے ،انہوںنے کہاکہ نوازشریف حکومت سے قبل ملک میں مختلف اسکولز،کالجز،مساجد اورامام بارگاہوں میں بم دھماکے ہوتے تھے اب اتنا امن بحال ہواہے کہ سندھ میں دیگر صوبوں اور ملکوں سے تاجر تجارت کے لیے فیکٹریاں لگارہے ہیں ،انہوں نے کہاکہ صحت کی سہولیات اورعلاقے کی ترقی کے لیے صوبائی حکومت اقدام کرتی ہے لیکن سندھ کی حکومت علاقے کی ترقی اور صحت کی سہولیات فراہم کرنے میں مکمل طورپر ناکام گئی ہے ،صوبائی حکومت کا کام وفاق سرانجام دے رہاہے ،انہوںنے مزید کہاکہ نوسالہ پنجاب اورسندھ حکومت کی کارکردگی کاموازنہ کریں تو پنجاب ترقی کی راہ میں سب سے آگے جبکہ سندھ سب سے پیچھے ہے ،آپ اس سے بخوبی اندازہ لگاسکتے ہیں کہ مسلم لیگ ن اپنے صوبے کے عوام سے مخلص ہے جبکہ پیپلزپارٹی اپنے صوبے کی عوام کی ترقی کے لیے کچھ نہیں کیا انہوںنے صرف کرپشن کی ہے ،انہوں نے کہاکہ جوسیاسی جماعتیں گڈ گورنرس کے تحت اپنی کارکردگی کا مظاہرہ کریں گی وہ ووٹ بھی اسی کارکردگی کے تحت مانگیں گی ،بحیثیت گورنر سندھ کے میری بھی یہ خواہش ہے کہ سندھ بھی ایسے ترقی کرے جیسی پنجاب نے ترقی کی ہے اس لیے سندھ حکومت کو گڈ گورنرس کا مظاہرہ کرنا چاہیے ،انہوںنے کہاکہ ملک کو ترقی سے روکنے کی ایک ساز ش کی گئی ہے 2018کے انتخابات میں چند ماہ باقی ہیں ملک کو ترقی کی راہ پردیکھناچاہتے ہو تو آپ لوگ صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت اپنی مرضی سے منتخب کریں ،ایک سوال کے جواب میں گورنرسندھ نے کہاکہ لاڑکانہ کے بعد جیکب آبادکو بڑی تعداد میں فنڈزملے لیکن شہر کی حالت زار قابل رحم ہے نوسالوں میں 45ارب سے زائد کی کرپشن ہوئی نیب کو کہوں گاکہ اس کی تحقیقات کرے ،تقریب سے مسلم لیگ ن کے صوبائی جوائنٹ سیکریٹری اسلم ابڑو نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ 2013کے عام انتخابات میں جیکب آبادکی عوام نے کرپشن سے تنگ آکر مسلم لیگ ن کو کامیاب کرایا جیکب آبادمیں کرپشن کے خلاف جہاد کررہے ہیں ،جیکب آبادمیں نوسالوں کے دوران 45ارب سے زائد کی کرپشن کی گئی ہے جس کی تحقیقات کرائی جائے ۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں