جیکب آباد : چار سالہ بچی سے زیادتی، حالت خراب، اسپتال منتقل

وزیراعلی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کردیا بچی سے زیادتی ہوئی ہے اور تشدد بھی کیا گیا، بچی کے جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کے نشانات پائے گئے، ڈاکٹرز ہمارا معاشرہ اخلاقی طور پر تباہ ہوچکا ہے، ریاست کا داخلی نظام تباہ ہوچکا، لوگوں کو انصاف نہیں مل رہا، سماجی رہنما فرزانہ باری

پیر 23 اکتوبر 2017 22:00

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اکتوبر2017ء) ایک غریب گھرانے کی کم سن بچی لاپتا ہونے کے بعد خالی پلاٹ سے ملی جس کے ساتھ بہیمانہ تشدد اور زیادتی کا انکشاف ہوا ہے، وزیراعلی سندھ نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم جاری کردیاہے۔یہ شرم ناک واقعہ جیکب آباد میں پیش آیا، سفاک ملزم یا ملزمان کی جانب سے ایک چار سالہ بچی کو بہیمانہ تشدد کا نشانہ بنایا گیا اس کے منہ پر چوٹیں لگی ہوئی ہیں جب کہ بچی کے ساتھ زیادتی کی بھی تصدیق ہوگئی ہے، بچی کو آپریشن تھیٹر سے وارڈ منتقل کردیا گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ قبل ازیں بچی کھیلنے کی غرض سے گھر سے باہر نکلی اور اچانک غائب ہوگئی، لوگوں نے چند گھنٹوں بعد اطلاع دی کہ ایک زیر تعمیر گھر کے اندر ایک بچی زخمی حالت میں بے ہوش پڑی ہے،اطلاع ملنے پر اہل خانہ نے بچی کو فوری طور پر سول اسپتال پہنچایا جہاں بچی ایک گھنٹے تک بے ہوش پڑی رہی اور کسی نے اس کا علاج نہیں کیا۔

(جاری ہے)

اہل خانہ کے احتجاج پر ڈپٹی کمشنر نے نوٹس لیتے ہوئے ڈی ایچ او سمیت ڈاکٹروں کی ٹیم بھیجی جنہوں نے بچی کو آپریشن تھیٹر منتقل کیا جہاں بچی کا علاج شروع کردیا گیا کامیاب آپریشن کے بعد بچی کو وارڈ میں منتقل کردیا گیا۔

ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ بچی سے زیادتی ہوئی ہے اور تشدد بھی کیا گیا، بچی کے جسم کے مختلف حصوں پر تشدد کے نشانات پائے گئے، بچی کے ہوش میں آنے پر ایکسرے اور الٹرائو سانڈ کیا جائے گا۔اس ضمن میں اے ایس پی سرفراز نواز نے خبر پر نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ ڈی ایس پی اور ایس ایچ او کو احکامات جاری کیے ہیں کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے جس پر پولیس جگہ جگہ چھاپے ماررہی ہے۔

اطلاعات ہیں کہ بچی کا تعلق بہت ہی غریب گھرانے سے ہے، ڈپٹی کمشنر کے احکامات پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ڈاکٹر بچی کی مکمل دیکھ بھال کررہے ہیں۔اسپتال میں موجود بچی کے رشتے دار اور بچی کے والد نے کہا کہ وہ بہت غریب اور مجبور لوگ ہیں ان کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں۔وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ نے نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کو فوری گرفتار کرنے کا حکم جاری کردیا۔سماجی رہنما فرزانہ باری نے کہا کہ ہمارا معاشرہ اخلاقی طور پر تباہ ہوچکا ہے، ریاست کا داخلی نظام تباہ ہوچکا، لوگوں کو انصاف نہیں مل رہا جس کی وجہ سے ایسے واقعات میں مسلسل اضافہ ہور ہا ہے۔

متعلقہ عنوان :

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں