وزیر اعظم ایران میں اقرار جرم کے بعد خود کو مجرم قرار دے کر واپس آئے،مولانا عبدالغفور حیدری

اسلام آباد یلغار سے پہلے ہی حکومت گر جائے گی، نااہل کپتان کے نااہل کھلاڑی 9ماہ کی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوگئے،میڈیا سے بات چیت

جمعرات 25 اپریل 2019 16:43

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 اپریل2019ء) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل سینیٹر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ وزیر اعظم ایران میں اقرار جرم کے بعد خود کو مجرم قرار دے کر واپس آئے، اسلام آباد یلغار سے پہلے ہی حکومت گر جائے گی، نااہل کپتان کے نااہل کھلاڑی 9ماہ کی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوگئے، موجودہ حکومت بجٹ پیش کرنے سے پہلے ہی تحلیل ہوجائے گی، اثاثے بیچ کر اور آئی ایم ایف سمیت مالیاتی اداروں سے سخت شرائط پر قرضہ لے کر بجٹ پیش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، موجودہ حکومت میں پیپلز پارٹی اور مشرف کی کابینہ کو اکثریت حاصل ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جے یو آئی کے ضلع امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، روائت حلال کمیٹی کے رکن حافظ عبدالمالک بروہی، مولانا عبدالجبار رند اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

مولانا عبدالغفور حیدری نے مزید کہا کہ نااہل حکمرانی کی وجہ سے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ کے بیانات میں تصادم ہے ، وزیر اعظم ایران میں اقرار جرم کرکے آئے ہیں کہ ایران میں جو تخریب کاری ہورہی ہے اس میں پاکستان کی سرزمین استعمال ہوئی ہے ، وزیر اعظم اقرار جرم کرنے کے بعدخود کو مجرم قرار دیکر واپس آئے ہیں، ملک کی خارجہ پالیسی مکمل ناکام ہوچکی ہے حکمرانوں کے پاس کوئی وژن نہیں ، انہوں نے کہا کہ ہم حکومت گرانے کے لیے میدان میں ہیں جے یو آئی نے تاریخ ساز 11ملین مارچ کئے ہیں اب ہمارا رخ اسلام آباد کی طرف ہے ، ہمارے اسلام آباد یلغار سے پہلے ہی حکومت گر جائے گی، انہوں نے کہا کہ نااہل کپتان کی نااہل ٹیم 9ماہ کی اننگز میں صفر پر آؤٹ ہوچکی ہے ، موجودہ حکومت نے اپنی ناکامی کا اعتراف کرلیا ہے یہ حکومت چلنے والی نہیں ہمارے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ سے قبل ہی حکومت تحلیل ہوجائے گی، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے،حکومت بجٹ پیش کرنے کے قابل نہیں رہی ،اثاثے بیچ کر آئی ایم ایف سمیت مالیاتی اداروں سے سخت شرائط پر قرضہ لے کر بجٹ پیش کرنے کی کوشش کی جارہی ہے مگر ایسا ممکن نہیں اس حکومت کو تحلیل ہونا ہی ہوگا جے یو آئی حکومت کو بجٹ تک مہلت دینے کے لیے تیار نہیں، انہوں نے کہا کہ وزیر خزانہ کے استعفیٰ اور وزرا کے ردوبدل سے کام نہیں چلنے والا کپتان کو خود جانا ہوگا ، حکومت ہر محاذ پر ناکام ثابت ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت میں پیپلز پارٹی اور جنرل مشرف کی کابینہ کو اکثریت حاصل ہے جن کو چور لٹیرا کہتے تھے آج وہ ان کی ٹیم میں شامل ہیں، ایک سوال کے جواب میں مولانا حیدری نے کہا کہ حکومت کے خلاف ہم اکیلے میدان میں ہیںہم نے 11ملین مارچ کئے ہیں تنہا اسلام آباد جانے کا فیصلہ کیا ہے اگر پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ نواز سمجھتی ہے کہ موجودہ حکومت اور ان کی پالیسیاں غلط ہیں تو ان کو ہمارا ساتھ دینا چاہئے اگر وہ ہمارے مارچ میں شامل ہوئے تو ان کو ویلکم کریں گے۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں