گھر کے کمرے میں ائیر کنڈیشنر کے پانی کے لیے رکھی ہوئی بالٹی میں معصوم بچہ گر کرجاں بحق

رات کے وقت بیڈ کے برابر میں اے سی کے پانی کیلئے رکھی گئی بالٹی میں5 ماہ کا معصوم بچہ گرا تو ساری رات کسی کو خبر ہی نہ ہوئی

muhammad ali محمد علی منگل 21 ستمبر 2021 22:13

گھر کے کمرے میں ائیر کنڈیشنر کے پانی کے لیے رکھی ہوئی بالٹی میں معصوم بچہ گر کرجاں بحق
جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 21 ستمبر2021ء) گھر کے کمرے میں ائیر کنڈیشنر کے پانی کے لیے رکھی ہوئی بالٹی میں معصوم بچہ گر کرجاں بحق ، رات کے وقت بیڈ کے برابر میں اے سی کے پانی کیلئے رکھی گئی بالٹی میں5 ماہ کا معصوم بچہ گرا تو ساری رات کسی کو خبر ہی نہ ہوئی۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے ضلع جیکب آباد میں پیش آئے ایک انتہائی افسوسناک واقعے نے ہر آنکھ کو ہی اشکبار کر دیا۔

بتایا گیا ہے کہ گھر والوں کی لاپرواہی کے باعث 5 ماہ کا بچہ موت کی آغوش میں چلا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جیکب آباد کے سٹی تھانہ کی حدود میں پنچائتی گلی نامی علاقے میں عمیر مغل نامی شہری کے ہاں 5 ماہ قبل بیٹے کی پیدائش ہوئی تھی۔ گزشتہ رات جب گھر والے بچے سمیت سو گئے تو اس دوران 5 ماہ کا عذیر مغل نامی معصوم بچہ بیڈ کے قریب پڑی پانی کی بالٹی میں جا گرا اور ڈوب کر جاں بحق ہو گیا۔

(جاری ہے)

اس دوران والدین کو علم ہی نہ ہوا کہ ان کا بچہ پانی کی بالٹی میں گر کر جاں بحق ہو چکا۔ صبح کے وقت جب والدین کی آنکھ کھلی تو انہوں نے اپنے معصوم بچے کو پانی کی بالٹی میں گرا دیکھا اور پھر اسے فوری طور پر ہسپتال لے گئے، جہاں ڈاکٹرز کی جانب سے بچے کی موت واقع ہو جانے کی تصدیق کی گئی۔ معصوم بچے کی اس المناک موت کی اطلاع ملتے ہی پورے علاقے میں کہرام مچ گیا۔ بچے کے والد کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ انہوں نے کمرے میں اے سی لگا رکھا تھا اور اے سی میں سے خارج ہونے والی پانی کو جمع کرنے کیلئے کمرے میں ہی ایک بالٹی رکھی تھی۔ رات کے وقت بالٹی پانی سے بھر چکی تھی اور اسی دوران بچہ پانی سے بھری بالٹی میں گر گیا۔

متعلقہ عنوان :

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں