مستونگ حملے کے خلاف جے یو آئی کی جانب سے 14مئی اتوار کو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا، حافظ حسین احمد

کارکنان مشتعل نہ ہواپناپرامن احتجاج ریکارڈ کرائیں، سفاکانہ کارروائی کرنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچائے جائے،صحافیوںسے گفتگو

ہفتہ 13 مئی 2017 21:02

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 مئی2017ء) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ مستونگ میں جے یو آئی کے مرکزی جنرل سیکریٹری اور ڈپٹی چیئرمین سینٹ مولانا عبدالغفور حیدری پر حملے کے خلاف جے یو آئی کی جانب سے 14مئی اتوار کو ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا، کارکنان مشتعل نہ ہواپناپرامن احتجاج ریکارڈ کرائیں، سفاکانہ کارروائی کرنے والوں کو کیفرکردار تک پہنچائے جائے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی سے ڈسٹرکٹ پریس کلب جیکب آباد کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ مستونگ واقعہ انتہائی سفاکانہ دہشت گردی ہے جس کی مذمت کے لیے الفاظ نہیں ملتے، انہوں نے کہا کہ صد سالہ کانفرنس کے بعد ایساواقعہ ناگزیر نہیں تھا ، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمن پر تین حملے ہوچکے ہیں اور ہمارے کئی علماء کرام دہشت گردی کا نشانہ بنے ہیں مگر حملے کے ذمہ داروںیا سہولت کاروں کونہ تو پکڑا گیا ہے اور نہ ہی سزا دی گئی ہے ، انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کی نشاندہی تو کی جاتی ہے مگر حملوں کو روکنے کے لیے کوئی اقدامات نہیں کئے جاتے ،حافظ حسین احمد نے کہا کہ پوری قوم کو دہشت گردی کے خلاف متحد ہونا ہوگا ،انہوں نے کہا کہ ایسے واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے ہم اپنی سیاسی جدوجہد اور سفر کو جاری رکھے ہوئے ہیں،انہوں نے کہا کہ حکومت کی ذمہ داری ہے کہ وہ عوام کے جان و مال کی حفاظت کریں ۔

#

متعلقہ عنوان :

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں