جیکب آباد،بلدیاتی اداروں کی مجرمانہ غفلت، لاپروائی اور عدم دلچسپی نے شہر کو کچرا کنڈی میں تبدیل کر دیا

جمعرات 20 جولائی 2017 16:56

جیکب آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2017ء) بلدیاتی اداروں کی مجرمانہ غفلت، لاپروائی اور عدم دلچسپی نے شہر کو کچرا کنڈی میں تبدیل کر دیا،جگہ جگہ کوڑا کرکٹ اور غلاظت کے ڈھیرسے اٹھنے والے تعفن سے وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ پیدا ہوگیا، بلدیاتی اداروں کی چشم پوشی سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، سڑکوں پر سیوریج کا پانی جمع ہوگیا، تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں بلدیاتی اداروں کی مجرمانہ غفلت اور عدم دلچسپی نے شہر کو کچرا کنڈی میں تبدیل کر دیا ہے اداروں کی ناقص کارکردگی کے نتیجے میں شہر بھر میں جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے ہیںجن سے اٹھنے والے تعفن نے مکینوں کی زندگی اجیرن کردی ہے، صفائی کے ناقص انتظامات کے سبب شہر میں وبائی امراض پھوٹنے کا خدشہ ہے، شہریوں کا کہنا ہے کہ بلدیاتی ادارے کے افسران عملی اقدامات نہیں کرتے صفائی صرف بیانات تک محدود ہے اگران کے علاقوں کا دورہ کیا جائے تو کچرے اور غلاظت کے ڈھیر سے بھرا ہوتا ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیاتی اداروں کی تمام تر توجہ شہر بھر میں لگائے جانے والے پتھاروں، ٹھیلوں، کیبنوں اور دکانوں کی حدود سے باہر رکھے ہوئے سامان کی مد میں حاصل ہونے والی آمدنی پر ہی مرکوز رہتی ہے اور اس مد میں ان کو ہر مہینے لاکھوں روپے کی آمدنی ہوتی ہے جبکہ فٹ پاتھوں پر قائم تجاوزات کے باعث پیدل چلنے والوں کو گزرنے کے سڑک استعمال کرنا پڑتی ہے،بلدیاتی اداروں کی ناقص کارکردگی کے باعث شاہ غازی محلہ، دستگیر کالونی، اے ڈی سی کالونی، سول اسپتال کالونی، جعفرآباد محلہ، ڈنگر محلہ، فیملی لائن، پھول باغ محلہ، جت محلہ سمیت شہر کے دیگر علاقوں کی سڑکیں، گلیاں اور محلے نہ صرف صفائی سے محروم ہیں بلکہ جگہ جگہ کوڑے اور غلاظت کے ڈھیر سے علاقہ مکینوں کو شدید تعفن برداشت کرنا پڑتا ہے،بلدیاتی ادارے خواب غفلت سے نہیں جاگے تو شہر میں نہ صرف وبائی امراض پھٹنے کا خدشہ ہے بلکہ صفائی کی ابتر صورتحال شہریوں کے لیے جان لیوا بھی ثابت ہوسکتی ہے جس کی تمام تر ذمے داری بلدیاتی اداروں پر عائد ہوگی،شہر کے اکثر علاقوں میں سیوریج کی لائنیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہونے سے گٹر ابل پڑے ہیں،سیوریج کاپانی سڑکوں پر جمع ہوکر جوہڑمیں تبدیل ہوگیاہے جس سے مکینوں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے، سیوریج کے گندے پانی کی بدبوسے شہریوں کی زندگی اجیرن ہوکررہ گئی ہے جبکہ سیوریج کے پانی میں مچھروں کی افزائش نسل سے ڈینگی اور ملیریا پھیلنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے،شہریوں نے جیکب آباد سے منتخب ہونے والے نمائندوں سے اپیل کی کہ مسئلے کا فوری نوٹس لے کر متعلقہ اداروں کوشہر کی صفائی کے لیے احکامات جاری کئے جائیں تاکہ شہریوں کو پریشانی سے نجات حاصل ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں