سول ہسپتال جیکب آباد عدم توجہ کی وجہ سے لاوارث بن گیا ،چارماہ سے سول سرجن مقررنہ ہوسکا

جمعرات 16 نومبر 2017 17:49

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 نومبر2017ء) سول اسپتال جیکب آباد عدم توجہ کی وجہ سے لاوارث بن گیا چارماہ سے سول سرجن مقررنہ ہوسکا کئی ماہر ڈاکٹر بھی ناپید مریض مایوس ہوکر واپس لوٹنے لگے محرم میں چندہ کرکے ایمرجنسی کے لیے دوائیں لیں :ڈاکٹر صادق لاشاری انچار ج ایم ایس تفصیلات کے مطابق سول اسپتال جیکب آباد عدم توجہ کی وجہ سے لاوارث بن گئی ہے جہاں سے اب دوردرازسے آنے والے مریضوں کو علاج کی سہولت میسر نہیں اکثر ماہر ڈاکٹر بھی ناپید ہوگئے ہیں جن کی ذمیداریاں میڈیکل آفیسر نے سنبھال لی ہیں چارماہ سے سول سرجن مقرر نہ ہونے کی وجہ سے اسپتال کے معاملات درہم برہم ہوگئے ہیں انچارج ایم ایس ڈاکٹر صادق لاشاری کو ڈی ڈی او پاورز نہیں دیے گئے جس کے باعث وہ کچھ بھی خرید نہیں سکتے سول اسپتال جیکب آباد میں ایک سال سے ہڈی کا ڈاکٹر 8ماہ سے امراض قلب کا ڈاکٹر ،2سال سے ریڈیولاجسٹ ،8ماہ سے بچوں کے امراض کا ماہر ڈاکٹر،گائناکالوجسٹ ،سرجن اور یورولاجسٹ موجود نہیں 2ماہ سے پیتھا لاجسٹ نہ ہونے کی وجہ سے سول اسپتال کی لیبارٹری بھی بند ہے علاوہ ازیں امراض چشم اور کان ،ناک اورگلے کے شعبے کا آپریشن تھیٹر بھی پانچ سال سے بند ہے امراض چشم کی مشین بھی خراب ہے جسے بھی ابھی تک بنایا نہیں گیا جیکب آبادکی ضلع ہیڈ کوارٹر اسپتال سے نہ صرف گردونواح بلکہ بلوچستان سے بھی لوگ استفادہ حاصل کرتے تھے جو اب اس سہولت سے محروم ہیں جن کا کوئی پرسان حال نہیں سول اسپتال آنے والے مریضوں کو دواتوکیا ایک سوئی تک نہیں ملتی اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر انچارج ایم ایس ڈاکٹر صادق لاشاری نے بتایاکہ ڈاکٹر آصف لغاری کا ٹھل تبادلہ ہونے کی وجہ سے مجھے یہ چارج دی گئی یہ پوسٹ 19ویں گریڈ کی ہے اورمیں 18ویں گریڈ کا ہوں ڈاکٹر صادق لاشاری نے بتایاکہ سول اسپتال کی حالت زارکے متعلق سیکریٹری صحت کو کئی بار لکھاہے جبکہ کمشنر لاڑکانہ اورڈپٹی کمشنر کو بھی آگاہ کیاہے ماہر ڈاکٹر نہ ہونے کی وجہ سے میڈیکل آفیسر مریضوں کو دیکھ رہے ہیں انہوں نے بتایاکہ محرم کی ایمرجنسی میں ڈاکٹرزنے چندہ کرکے دوائیں لیں انہوںنے کہاکہ سول اسپتال میں سیاسی مداخلت اور یونینز کی وجہ سے معاملات بہتر نہیں ہوپاتے آدھے ملازمین ڈیوٹی کرتے ہیں اورآدھے نہیں اورجوکرتے ہیں ان کوبھی پریشان کیاجاتاہے انہوں نے کہاکہ9نومبرکو ڈاکٹر غضنفر بگٹی کو ٹھل سے جیکب آباد تبادلہ کرکے سول اسپتال کا سول سرجن مقررکیاگیاہے پروہ بھی اسپتال کی حالت زار کی وجہ سے چارج لینے کوتیارنہیں اسپتال پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں