جیکب آباد،نیب نے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز میں کرپشن کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا

174افراد پر مشتمل فہرست تیار، اربوں کے فنڈز ہڑپ کر نیوالوںکی گرفتاری کے امکانات

جمعرات 1 مارچ 2018 18:56

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مارچ2018ء) جیکب آباد میںنیب نے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز میں کرپشن کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا،174افراد پر مشتمل فہرست تیار، اربوں کے فنڈز ہڑپ کرنے والوں کی گرفتاری کے امکانات۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق ملک بھر کی طرح نیب نے جیکب آباد میں بھی کرپشن کرنے والوں کے گرد گھیرا تنگ کرنا شروع کردیا ہے ،ذرائع کے مطابق چند سالوںکے دوران ضلع جیکب آباد میں ترقیاتی منصوبوں کے لیے آنے والے 40ارب سے زائد کے فنڈز میں اربوں کی کرپشن کی گئی ہے ، ضلع کے مختلف علاقوں میں سڑکوں، گلیوں کی تعمیر، اسکولوں کی مرمت و تعمیر، اوور ہیڈ برج کی تعمیر ، پارکوں کی تعمیر، سرکاری عمارتوں کی مرمت اور تعمیر، نہروں اور کینالوں کی مرمت ، جیکب آباد میں ڈرینج اسکیم، ٹھل اور گڑہی خیرو میں واٹر سپلائی اسکیم سمیت دیگر منصوبوں کے لیے آنے والے فنڈزمیں ریکارڈ کرپشن کی اطلاعات ہیں ، ضلع جیکب آباد میں ترقیاتی منصوبوں میں ہونے والی کرپشن کے خلاف سماجی رہنماؤں عبدالغنی کھوسو، ایم ڈی عمرانی سمیت دیگر شہریوں نے نیب کو کئی بار درخواستیں کی ہیں سماجی رہنماؤں نے درخواستوں کے ساتھ ترقیاتی منصوبوں میں ہونے والی کرپشن کے شواہد بھی نیب کے پاس جمع کرادئیے ہیں، دو سال قبل نیب میں داخل کی گئی درخواستوں پر ابھی عملدرآمد ہونے کی اطلاعات مل رہی ہیں اس سلسلے میںنیب حکام نے ضلع جیکب آباد میں ہونے والی کرپشن کے متعلق تمام شواہد جمع کرلئے ہیں اس ضمن میں نیب سکھر نے کئی ٹھیکیداروں اور افسران کو بھی طلب کیا ہے ، انتہائی باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جیکب آباد ضلع سے تعلق رکھنے والے 174سے زائد افراد کی فہرست بنائی گئی ہے جن پر کرپشن کے الزامات ہیں ، فہرست میں شامل افراد میں سیاستدان، افسران، ٹھیکیدار اور مختلف محکموں کے ملازمین شامل ہیں معلوم ہوا ہے کہ جلد جیکب آباد میں گرفتاریاں شروع کی جائیں گی ، گرفتاریوں کی اطلاعات ملتے ہی کرپشن میں ملوث سیاستدان ، افسران اورٹھیکیدار پریشان ہیں اور نیب کی کارروائی سے بچانے کے لیے اپنا ریکارڈ درست کرنے میں مصروف ہیں، جے یو آئی کے ضلع امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، پاکستان پرچم پارٹی کے چیئرمین ملک الطاف حسین ،جماعت اسلامی کے عبدالحفیظ بجارانی، پی پی شہید بھٹو کے ندیم قریشی ،جے ٹی آئی کے حماد اللہ انصاری، شہری اتحاد کے مولانا عبدالجبار رنداور دیگر نے کہا ہے کہ ضلع جیکب آباد کی تینوں تحصیلوں میں ریکارڈ کرپشن ہوئی ہے اربوں روپے کے فنڈز آنے کے باوجود شہر کنڈرات کا منظر پیش کررہا ہے شہر کی حالت کو دیکھ کر اندازہ لگایا جاسکتا ہے کہ کتنی کرپشن کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ نیب بلاتفریق کرپٹ لوگوں کے خلاف کارروائی کرے اور ان کو گرفتار کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں۔

متعلقہ عنوان :

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں