جیکب آباد میں پولیس گردی، چیکنگ کے بہانے شہریوں کو تنگ کیا جانے لگا

بدھ 21 مارچ 2018 16:46

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 مارچ2018ء) جیکب آباد میں پولیس گردی، چیکنگ کے بہانے شہریوں کو تنگ کیا جانے لگا، شہریوں کے جیبوں سے پیسے نکالنے کی بھی اطلاعات، شہر کا کاروبار شدید متاثر۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں نئے ایس ایس پی کی آمد کے بعد شہر میں پولیس گردی میں اضافہ ہوگیا ہے نئے ایس ایس پی فیصل عبداللہ چاچڑ نے جب سے چارج لیا ہے اس دن سے پولیس نے شہر میں جرائم پر کنٹرول کرنے کے نام پر شہریوں کو بلاجواز تنگ کرنے کا سلسلہ شروع کردیا ہے ، شہر کے اہم ترین چوہراہوں ڈی سی چوک ، صرافہ بازارچوک، حبیب چوک سمیت دیگر شاہراہوں پر پولیس موبائل کھڑی کرکے ہر آنے جانے والے شہری کی بلاجواز چیکنگ کی جارہی ہے اور چیکنگ کے نام پرشہریوں کو تذلیل کا نشانہ بنایا جارہا ہے ، شہریوں سے موٹر سائیکل کے کاغذات چیک کرنے کے بہانے بھتہ بھی وصول کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہاہے جبکہ دوسری جانب جیکب آباد سے ملحقہ علاقوں سے آنے والے لوگوں کو شہرآتے وقت پولیس کی 5سے زائد چیک پوسٹوں سے بدترین چیکنگ کے بعد داخل ہونے کی اجازت دی جاتی ہے اور چیکنگ کے دوران دیہی علاقوں سے آنے والے لوگوں کے جیبوں سے پیسے بھی نکالے جانے لگے ہیں ، پولیس کی جانب سے عوام کو بلاجواز چیکنگ کے بہانے تنگ کرنے اور پیسے نکالنے کی وجہ سے دیہی علاقوں سے شہر آنے والے لوگوں نے شہر آنا بند کردیا ہے جس کی وجہ سے شہر کا کاروبار شدید متاثر ہورہا ہے کیوں کہ جیکب آباد شہر کا کاروبار دیہی علاقوں سے آنے والے لوگوں کی وجہ سے ہوتا ہے اب دیہی علاقوں کے لوگوں نے شہر آنا ہی بند کردیا ہے ، شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ شہر میں پولیس گردی بند کرکے شہریوں کو تنگ کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے اور شہر کے کاروبار کو بحال کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں