جیکب آباد،:تحریک انصاف کے کارکنان کا قندوز میں مدرسے پر بمباری کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے

جمعرات 5 اپریل 2018 15:53

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 اپریل2018ء)تحریک انصاف کے کارکنان کا قندوز میں مدرسے پر بمباری، کشمیر و فلسطین میں بے گناہ مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے، احتجاجی مظاہرہ، امریکی، انڈیا اور اسرائیل کے پرچم نذر آتش۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے ضلع انفارمیشن سیکریٹری راز خان پٹھان کی قیادت میں کارکنان نے افغانستان کے علاقہ قندوز کے مدرسے پر بمباری، کشمیر میں بھارتی بربریت اور فلسطین میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف ایک احتجاجی جلوس پٹھان ہاؤس سے نکالا، مظاہرین نے جلوس نکال کر شہر میں مار چ کیا اور دنیا بھر میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف نعریبازی کی، مظاہرین امریکہ، اسرائیل اور انڈیا کے خلاف فلک شگاف نعرے لگاتے ہوئے شہر کے اہم ڈی سی چوک پر پہنچے جہاں پر مشتعل مظاہرین نے امریکہ ، اسرائیل اور انڈیا کے پرچم نذر آتش کئے، اس موقع پر تحریک انصاف کے رہنما راز خان پٹھان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ افغان صوبہ قندوز میں ایک دینی مدرسے کی تقریب دستار بندی پر امریکہ کی وحشیانہ بمباری کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں دینی تعلیم حاصل کرنے والے معصوم بچوں پر بمباری کرکے ان کو شہید کرنا سراسر ظلم اور بربریت ہے ، انہوں نے کہا کہ امریکہ نے علم حاصل کر نے والے معصوم بچوں کوبمباری کا نشانہ بنا کردنیا کے سامنے واضح کر دیا ہے کہ وہ انسانیت اور مسلم دشمنی پر اتر آیا ہے، عالمی دنیا کو اس بات کا ایکشن لینا چاہیے، انہوں نے کہا کہ بے گناہوں کے قتل عام سے دنیا میں قیام امن کا خواب کبھی شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکتا، انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی جانب سے بے گناہ لوگوں کو قتل کیا جارہا ہے جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، فلسطین میں اسرائیلی مسلمانوں کے خون سے ہولی کھیل رہے ہیں مگر دنیا خاموش ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ مسلمانوں کا خون سستا ہوچکا ہے، انہوں نے کہا کہ آج پوری دنیا میں امت مسلمہ کو نشانہ بنایا جارہا ہے مگر افسوس کے مسلم ممالک کے سربراہ اس کے خلاف بولنے کو تیار نہیں جوکہ ایک المیہ ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ قندوز میں مدرسے پر بمباری ، کشمیر اور فلسطین میں بے گناہ لوگوں کے قتل عام کا عالمی برادری نوٹس لے۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں