ْخلائی مخلوق کے سدھرنے کا کوئی امکان نہیں،بہتر ہے نواز شریف خود سدھر جائیں،حافظ حسین احمد

جمعہ 4 مئی 2018 15:56

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 04 مئی2018ء) متحدہ مجلس عمل کی رابطہ کمیٹی کے سربراہ جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی سیکریٹری اطلاعات سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ انتخابات خلائی مخلوق نے کرائے تو ’’نااہل‘‘ اور ’’اہل‘‘ وزیر اعظم ’’خلا‘‘ میں ہی رہیں گے، خلائی مخلوق کے سدھرنے کا کوئی امکان نہیںبہتر ہے کہ نواز شریف خود سدھر جائیں ، نواز شریف کسی راز افشاء کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں، زرداری نے بھولے پن اور سادگی کا اعتراف کرکے نواز شریف کو بڑا کریڈٹ دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی سے سکھر پہنچنے پر السادات ہاؤس میں جیکب آباد کے صحافیوں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر جمعیت علمائے اسلام میڈیا سیل کے رکن آغا سید ایوب شاہ، مولانا عارف الحسینی، مولانا مولا بخش مہر، آغا سید ہارون شاہ، مولانا سعود الفیصل، ظفر حسین سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

حافظ حسین احمد نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہا کہ نواز شریف متحدہ قائد کی طرح خلائی مخلوق کی دریافت تھے اور اب وہ متحدہ قائد کی طرح خلائی مخلوق کے گلے پڑے ہوئے ہیں ، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کہتے ہے کہ انتخابات خلائی مخلوق کرائے گی اگر یہ سچ ثابت ہوا اور انتخابات خلائی مخلوق نے کرائے تو پھر نااہل اور اہل وزیر اعظم ’’خلا‘‘ میں ہی رہیں گے اور کبھی اسمبلی نہیں پہنچیں گے، خلائی مخلوق کے بارے میں نواز شریف سے زیادہ کوئی نہیں جانتا کیوں کہ اس حوالے سے ان کا 35سالہ تجربہ ہے، انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے لیے بہتر ہے کہ وہ خود سدھر جائیں اور یہی ان کے مفاد میں ہے کیوں کہ خلائی مخلوق کے سدھرنے کا کوئی امکان نہیں، نواز شریف کیا راز افشاء کریں گے اب تو کوئی راز راز نہیں رہا ، خلائی مخلوق، پانامہ، لندن فلیٹس اور کرپشن کے راز سے میڈیا نے عوام کو آگاہ کردیا ہے اس وقت نواز شریف کسی راز افشاء کرنے کی پوزیشن میں نہیں ہیں تمام راز لوگوں کو معلوم ہوچکے ہیں ، انہوں نے کہا کہ نواز شریف آتے تو خلائی مخلوق کے ذریعے ہیں مگر جاتے اپنے کرتوں کی وجہ سے ہیں ، انہوں نے کہا کہ زرداری نے پہلی بار اپنے بھولے پن اور سادگی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ نواز شریف کے جھانسے میں آگئے تھے زرداری نے یہ کہہ کر نواز شریف کو بڑا کریڈٹ دیا ہے نواز شریف کے لیے اس سے بڑا کریڈٹ کوئی نہیں ہے ، انہوں نے کہا کہ عمران خان کہتے ہیں کہ ان کو انتخابات ہوتے نظر نہیں آرہے ہم تو شکر ادا کرتے ہیں کہ عمران خان بھی کچھ دیکھنے لگے ہیں آہستہ آہستہ سب کی نظریں ٹھیک ہونگی اور جوں جوں 31مئی آئے گا سب کی نظریں بہتر ہوجائیں گی ۔

۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں