میونسپل کمیٹی جیکب آباد کا اجلاس، شہید اللہ بخش سومرو پارک کا نام تبدیل کرکے شہید ذوالفقارعلی بھٹو رکھنے کی قرارداد پیش

پیر 26 نومبر 2018 18:36

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2018ء) میونسپل کمیٹی جیکب آباد کا اجلاس، شہید اللہ بخش سومرو پارک کا نام تبدیل کرکے شہید ذوالفقارعلی بھٹو رکھنے کی قرارداد پیش، ممبران کا احتجاج،عدالت میں جانے کا اعلان، فراہمی آب کے منصوبے کے تحت پانی کے نئے کنکشن دینے کی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق میونسپل کمیٹی جیکب آباد کا اجلاس چیئرمین غلام عباس جکھرانی کی صدارت میں ہوا جس میں وائس چیئرمین آصف علی مغیری، عبدالکریم جویو، پہلوان سومرو، میڈم قمر بانو، عثمان پٹھان و دیگر نے شرکت کی، اجلاس میں موچی بستی ، واٹر ٹینک کے دو ہزار نئے کنکشن دینے کی منظوری دی گئی جبکہ یرقان کے مرض میں مبتلا کیمرہ مین وحید سومرو کے علاج کے لیے مالی مدد کی قرارداد اکثریت رائے سے منظور کی گئی ،محمد عثمان پٹھان کی جانب سے شہید اللہ بخش سومرو پارک کا نام تبدیل کرکے شہید ذوالفقار علی بھٹو رکھنے کی قرارداد پیش کی گئی جس پر عطامحمد سومرو ،پہلوان سومرو اور دیگر نے سخت احتجاج کیا اور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ شہید اللہ بخش پارک کا نام تبدیک کرنے نہیں دیں گے اگر نام تبدیل کیا گیا تو روڈ پر نکل کر احتجاج کیا جائے گا اور عدالت بھی جائیں گے ممبران نے کہا کہ شہید اللہ بخش سومرو پارک پاکستان کے قیام سے قبل کا قدیم پارک ہے جس کا نام تبدیل کرنا اچھا عمل نہیں ہم پارک کا نام تبدیل کرنے نہیں دیں گے، شہید ذوالفقار علی بھٹو بھی عظیم لیڈر تھے اگر ان کے نام سے پارک تعمیر کرنا ہے تو کسی اور جگہ بنایا جائے، ممبران نے فراہمی آب کے منصوبے کے متعلق تقاریر میں کہا کہ پانی کی فراہمی کا منصوبہ جلد مکمل کرکے شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کیا جائے تمام وارڈز میں پانی کے کنکشن دینے کا کام جلد مکمل کیا جائے ، ممبران نے کہا کہ بلدیہ جیکب آباد میں 110صفائی کا عملہ بھرتی کیا گیا ہے ضرورت اس بات کی ہے کہ اب پورے شہر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنایا جائے، اجلاس میں پارک کا نام تبدیل کرنے کی قرارداد پر ہنگامہ آرائی کے باعث پیش کی گئی قرارداد کو دوسرے اجلاس تک مسترد کیا گیا۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں