بلاول بھٹو نہیں پیپلز پارٹی کی معیاد ختم ہوچکی ہے،

شہید بینظیر کے کیس کے لیے کوئی وکیل نہیں ، امیربخش بھٹو ماڈل ایان علی کے کیس کی پیروی سابق گورنر اور سابق چیئرمین سینٹ کرتے ہیں، چور کو پکڑو تو جمہوریت خطرے میں آجاتی ہے ،صدر پی ٹی آئی سندھ

منگل 18 دسمبر 2018 20:45

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 دسمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر امیر بخش بھٹونے کہا ہے کہ بلاول بھٹو نہیں پیپلز پارٹی کی معیاد ختم ہوچکی ہے، شہید بینظیر کے کیس کے لیے کوئی وکیل نہیں ماڈل ایان علی کے کیس کی پیروی سابق گورنر اور سابق چیئرمین سینٹ کرتے ہیں، چور کو پکڑو تو جمہوریت خطرے میں آجاتی ہے ، ملکی خزانے لوٹنے ،عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کو سلاخوں میں ڈالنے سے جمہوریت مضبوط ہوتی ہے، زرداری نے عوام کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا اور ان کا خون چوسا ہے اب حساب کا وقت آگیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جیکب آباد میں ڈویژنل ورکر کنونشن سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، امیر بخش بھٹو نے مزید کہا کہ عمران خان ملک کی تقدیر کو تبدیل کریں گے، 10سالوں میں پیپلز پارٹی اور نوا زلیگ نے ملک کی معیشت تباہ کی اور اپنی تجوریاں بھری ، 60سال میں ملکی خسارہ 6ارب تھا جو 10سالوں میں 30ارب تک جا پہنچا ، 24ارب کہاں گئے اگر یہ ملک کی عوام پر خرچ کئے جاتے توآج لوگوں کی یہ حالت نہ ہوتی ،ان لوگوں نے صرف اپنے اکاؤنٹ بھرے ، انہوں نے کہا کہ نوکری اور گھر دینے کا وعدہ معیشت کو بہتر کرنے کے بعد پورا ہوگاہمیں عوام کا احساس ہے سعودی عرب ،چائنہ اور دیگر ممالک نے امداد کی آئی ایم ایف سے بھی مذاکرات چل رہے ہیں شرائط وہ مانیں گے جو ملک کے لیے بہتر ہونگے، انہوں نے کہا کہ ابھی صرف 3ماہ گذرے ہیں 5سال پڑے ہیں عوام سے جو وعدے کئے ہیں سب پورے کریں گے ، تین ماہ میں قانون کی بالادستی قائم ادارے بحال ہونا اور اقرباپروری ختم ہورہی ہے ، ماڈل ایان علی نوٹوں کے تھیلے بھر کر باہر لے گئی ملک کی تاریخ میں ایسا نہیں ہوا اور اس کے وکیل سابق چیئرمین سینٹ فاروق ایچ نائیک اور سابق گورنر پنجاب لطیف کھوسہ بنے شہید بی بی کا کیس کون لڑ رہا ہے کون وکیل ہے کچھ پتہ نہیں ،آصف زرداری کے ساتھی ڈاکٹر عاصم پر 462ارب کی کرپشن کا کیس ہے ایسے کئی آصف زارداری کے ساتھی ہیں جنہوں نے اربوں کی کرپشن کی اسی لیے تو نا سندھ میں اسکول بنے نہ روڈ بنے نہ اسپتال بنے اور نہ ہی لوگوں کو روزگار ملا،انہوں نے کہا کہ آصف زرداری نے ملک کی عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالا اور ان کا خون چوسا ہے سکھر کے ناکام جلسے پر کروڑوں خرچ کئے گئے حیدرآباد کے جلسے میں بھی لوگ کم تھے یہ پیپلز پارٹی کا زوال ہے پیپلز پارٹی کی معیاد اب ختم ہوچکی ہے ۔

(جاری ہے)

ملکی دولت کھانے والوں کو کسی صورت نہیں بخشا جائے گا ،اپنا انجام دیکھ کر رونے والے کہتے ہیں کہ جمہوریت خطرے میں ہے ، ملکی دولت لوٹنے والوں کو سلاخوں میں ڈالنے سے جمہوریت مضبوط ہوتی ہے کمزور نہیں،زرداری کا ٹھکانا بھی شہباز شریف کی طرح جیل میں ہے، بلدیاتی الیکشن قریب ہیں اور مخالف چاہتے ہیں کہ بلدیاتی انتخابات میں تاخیر ہو انہیں چور دروازہ فرار ہونے کے لیے ڈھونڈ رہے ہیں ، انہوں نے کہا کہ حکومت مضبوط ہے قبل از وقت انتخابات کا امکان نہیں، کنونشن سے رکن صوبائی اسمبلی اسلم ابڑو، سردار سخی عبدالرزاق کھوسو، میر راجہ خان جکھرانی، اکرم ابڑو، صفیہ بلوچ اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں