اسد عمر کی جگہ عمران خان استعفیٰ دیتے تو حالات ساز گار ہوجاتے، حافظ حسین احمد

حکومت نے اقتصادی اور معاشی پالیسی سمیت کسی معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا،ترجمان جے یو آئی کی صحافیوں سے گفتگو

جمعرات 18 اپریل 2019 21:30

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2019ء) جمعیت علمائے اسلام کے مرکزی ترجمان سابق سینیٹر حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ اسد عمر کی جگہ عمران خان استعفیٰ دیتے تو حالات ساز گار ہوجاتے، حکومت نے اقتصادی اور معاشی پالیسی سمیت کسی معاملے پر سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا ، بلوچستان میں بار بار دہشت گردی کے واقعات رونما ہورہے ہیں مگر کوئی موثر پیش بندی اور منصوبہ بندی نہیں کی جارہی۔

(جاری ہے)

جمعرات کے روز جیکب آباد کے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے مزید کہا کہ اسدعمر کا انجام بھی دوسروں سے مختلف نہیں ہوا حکومت معاملات کو سنجیدہ نہیں لے رہی اور عمران خان بچپنے کا مظاہرہ کررہے ہیں، انہوں نے کہا کہ حکومت نے اس بات کو تسلیم کرلیا ہے کہ حکومت کرنا ان کے بس کی بات نہیں حکومت کی ٹیم میں ایسی کوئی قدآوا رشخصیت نظر نہیں آتی جو معاملات کو سمجھے جن معاملات کی وجہ سے حالات اس نہج پر پہنچے ہیں ، انہوں نے کہا کہ اسد عمر کی جگہ بہتر ہوتا کہ عمران خان خود استعفیٰ دیتے تو ملک کے حالات ساز گار ہوجاتے ، انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے اسد عمر کو اپنا دماغ قرار دیا تھااب اس کے استعفیٰ کے بعد لگتا ہے کہ ان کے دماغ میں خلل ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے واقعات بار بار ہوتے ہیں مگر ایسے واقعات کی روکتھام کے لیے کوئی موثر پیش بندی یا منصوبہ بندی نہیں کی جاتی جس کی وجہ سے بلوچستان آگ میں جل رہا ہے۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں