جیکب آباد، اے ڈی سی کالونی میں ایک کروڑ کی لاگت سے ناقص روڈ کی تعمیرپر مکینوں کا احتجاج

منگل 15 اکتوبر 2019 22:52

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اکتوبر2019ء) اے ڈی سی کالونی میں ایک کروڑ کی لاگت سے ناقص روڈ کی تعمیرپر مکینوں کا احتجاج، ٹھیکیدار نے روڈ پر مین ہول کے گڑھے کھلے چھوڑ دئیے ہیں، گاڑی تک کراس نہیں ہوتی، حادثات معمول بن گئے ہیں: نعمان علی و دیگر۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد کے اے ڈی سی کالونی میں محکمہ ہائی وے کی جانب سے ایک کروڑ کی لاگت سے تعمیر کی گئی سڑک عوام کی سہولت کے بجائے عذاب بن گئی ہے ٹھیکیدار کے ناقص کام کی وجہ سے روڈ ناہموار بنایا گیا ہے جبکہ مین ہول کے منہ بھی کھلے چھوڑے گئے ہیں اور یہ گڑھے اتنے بڑے ہیں کہ روڈ سے کار بھی کراس نہیں ہوسکتی ، مین ہول کے منہ کھلے ہونے کی وجہ سے حادثات معمول بن گئے ہیں جبکہ معصوم بچوں کی زندگیوں کا خطرات لاحق رہتے ہیں، روڈ کی ناقص تعمیر پر علاقہ مکینوں نے نعمان علی ، منور علی اور دیگر کی قیادت میں ٹھیکیدار کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ روڈ کی ناقص تعمیر سے خرچ کیا گیا ایک کروڑ کا فنڈ ضائع ہونے کا اندیشہ ہے کیوں کہ اس تعمیر سے عوام کو سہولت کے بجائے پریشانی اٹھانا پڑ رہی ہے روڈ کی تعمیر کے باوجود جگہ جگہ گڑھے بن گئے ہیں روڈ ہموار بھی نہیں ہے ایک کلو میٹر سے کم کے روڈ پر پانچ سے زائد اسپیڈ بریکر لگائے گئے ہیں ایمرجنسی کی صورت میں اسپتال جانے سے پہلے ہی مریض ان اسپیڈ بریکروں کی وجہ سے دم توڑ جائے گا، انہوں نے ایم پی اے محمد اسلم ابڑو، ڈی سی اور دیگر بالا حکام سے مطالبہ کیا کہ ناقص کام کی تحقیقات کراوکے ذمہ دارافسران اور ٹھیکیدار کے خلاف کارروائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں