شکارپور کے سینئر صحافی سلطان رند پر جھوٹے مقدمات درج کرنے اور گرفتاری کی مذمت

ہفتہ 24 جولائی 2021 17:33

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2021ء) جیکب آباد کے صحافیوں نے شکارپور کے سینئر صحافی سلطان رند پر جھوٹے مقدمات درج کرنے اور گرفتاری کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کی دعویدار سندھ حکومت نے صحافی سلطان رند کے خلاف جھوٹا مقدمہ درج کرکے جمہوری روایات کا گلا گھونٹا ہے، جیکب آباد کے صحافیوں عبدالرحمن آفریدی، زاہد حسین رند، عبدالغنی کھوسو، آصف علی بھٹی، محمد یوسف رند، وکی کمار وادھوانی اور دیگر نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے شکارپور میں لاقانونیت، قتل و غارت اور حکومتی بے حسی کے متعلق تلخ سوال کرنے پر سینئر صحافی سلطان رند کے خلاف انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے ، شکارپور سے منتخب سندھ کے محکمہ توانائی کے وزیر امتیاز شیخ کے پرسنل اسسٹنٹ طاہر ناپر کی مدعیت میں درج کردہ ایف آئی آر میں بھتہ طلب کرنے کا من گھڑت الزام لگایا گیاجوکہ قابل مذمت ہے ، انہوں نے کہا کہ ایسے غیر جمہوری عمل کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، صحافیوںنے مطالبہ کیا کہ سینئر صحافی سلطان رند کے خلاف درج جھوٹے مقدمات ختم کرکے فلفور آزاد کیا جائے بصورت دیگر ملک بھر میں احتجاج کیا جائے گا اور ملک بھر میں پیپلز پارٹی کی خبروں کا بائیکاٹ کیا جائے گا۔

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں