فوڈ کنٹرول اتھارٹی کی کارروائی، مختلف دکانوں اور ہوٹلوں پر چھاپے، بھاری جرمانے عائد

منگل 27 جولائی 2021 17:46

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 جولائی2021ء) جیکب آباد میں مضر صحت اور کیمیکل ملا دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف ضلع انتظامیہ اور فوڈ کنٹرول اتھارٹی کی کارروائی، مختلف دوکانوں اور ہوٹلوں پر چھاپے، بھاری جرمانے عائد، 7 ملاوٹ والا دودھ تلف کردیا گیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد شہر میں ہوٹلوں اور دوکانوں پر مضر صحت، کیمیکل اور ملاوٹ شدہ دودھ کی فروخت کی شکایات پر ضلع انتظامیہ اور فوڈ کنٹرول اتھارٹی کی جانب سے اسسٹنٹ کمشنر شہزاد احمد اور فوڈ کنٹرول اتھارٹی کے انسپکٹر نصر اللہ ڈومکی کی سربراہی میں شہر بھر کے مختلف علاقوں میں مشترکہ کاروائی کی گئی، ٹیم نے شہر کے مختلف علاقوں اسٹیشن روڈ، آدم خان پہنور روڈ، قائد اعظم روڈ، ٹاور روڈ، شاہی بازار اور دیگر علاقوں میں ہوٹلوں اور دودھ فروشوں کی دوکانوں پر چھاپے مارکر دودھ کو چیک کیا تو اکثر ہوٹلوں اور دوکانوں پر کیمیکل ملا اور مضر صحت دودھ فروخت کیا جارہا تھا جس پر اسسٹنٹ کمشنر نے بھاری جرمانے عائد کئے اور 7 من کے قریب مضر صحت دودھ کوتلف کیا گیا، اس سلسلے میں فوڈ کنٹرول اتھارٹی کے انسپکٹر نصر اللہ ڈومکی نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ شہریوں کی شکایات پر کارروائی کی گئی ہے ہوٹلوں میں کیمیکل والے دودھ سے چائے بنائی جارہی تھی جس پر انہیں جرمانہ عائد کرکے دودھ تلف کردیا گیا، انہوں نے کہا کہ مضر صحت اور کیمیکل ملا دودھ فروخت کرکے شہریوں کی زندگیوں سے کھیلا جارہا ہے جن کے خلاف سخت کاروائی کی گئی ہے، انہوں نے کہا کہ دودھ کے سیمپل لیکر لیبارٹری بھیجے گئے ہیں رپورٹ آنے کے بعد مزید کارروائی کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

جیکب آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں