جیکب آباد براستہ اوستہ محمد، شہداد کوٹ تا لاڑکانہ ٹرین کی بحالی کی منظوری سے غریب طبقہ میں خوشی کی لہر

پیر 10 ستمبر 2018 17:12

جعفرآباد۔10 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 ستمبر2018ء) جیکب آباد براستہ اوستہ محمد، شہداد کوٹ تا لاڑکانہ ریلوے کی منظوری کے بعد غریب طبقہ میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے اور جعفرآباد اوستہ محمد گنداخہ کے عوام نے 22 سال پہلے اوستہ محمد شہداد کوٹ لاڑکانہ سے بند ٹرین کو فوری بحال کرنے کی منظوری دینے پر وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کاشکریہ ادا کیا ہے جس پر گنداخہ میں ٹرین کی بحالی کے لئے ایک ریلی بھی نکالی گئی۔

انگریزوں کے دور سے جیکب آباد براستہ اوستہ محمد سیلرا شہداد کوٹ تالاڑکانہ ریلوے ٹریک 1996کے بعد بند کیا گیا تھا اس سے قبل اس راستے سے 6 ٹرینیں اور ایک ریل کار چلتی تھی جس پر ریلوے حکام کی عدم توجہی کے باعث لوگ ٹکٹ نہ لینے پر مجبور تھے اور خسارے کی وجہ سے ٹرین کو آہستہ آہستہ بند کردیا گیا، اس راستے پر جیکب آباد سے چلنے والی ٹرین کے راستے میں مولاداد سٹیشن پر جھانگ سٹیشن چاچڑ پاک سٹیشن ،اوستہ محمد سٹیشن ،گھڑی خیرو اسٹیشن ،امیدعلی جینجو سٹیشن ، برگڑی اسٹیشن ، سیلرا شہداد کوٹ سٹیشن ، قمبر علی خان سٹیشن سمیت 11اسٹیشن آتے ہیں،اس کے علاوہ اوستہ محمد اور شہداد کوٹ سے ہر دوسرے اور تیسرے روز مال گاڑی چاول لے جاتی تھی۔

(جاری ہے)

اس وقت آبادی بھی کم تھی اب تو اوستہ محمد اور شہداد کوٹ قمبر سے لاکھوں من چاول کراچی کے لیے لے جایا جاتا ہے اوستہ محمد،گنداخہ اور گڑی خیرو کے عوام نے وفاقی حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے کہ اس منصوبے کو فوری طور پر شروع کیا جائے تاکہ عوام اس منصوبے سے مستفید ہوں۔

جعفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں