اوستہ محمد ،وقفے وقفے کیساتھ بارش، بجلی کی تمام فیڈر بند ہو گئے

بدھ 26 اگست 2020 17:43

اوستہ محمد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 اگست2020ء) اوستہ محمد میں وقفے وقفے کے ساتھ بارش، بجلی کی تمام فیڈر بند ہو گئے اور بارش کا پانی شہر کی اہم شہراہوں پر جمع ہو گیا اور دوسری جانب شہر کے گلی محلوں میں کیچڑ جمع ہو گیا۔شہر کے محلے اور گلیوں میں پھسلن ہونے کی وجہ سے متعدد افراد گر کر زخمی ہو گئے۔جس کی وجہ سے شہریوں کی شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

تفصیلات کے مطابق اوستہ محمد و گردونواح میں وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری۔شہر کی اہم شاہرائیں جناح روڈ،گھنٹہ گھر روڈ،ڈیرہ اللہ یار روڈ ،علی آباد روڈ اور سینما روڈ پر بارش کا پانی جھیل کا منظر پیش کر رہا ہے اور دوسری جانب گلی محلوں میں بھی کیچڑ جمع ہو گیا ہے۔اس موقع پر شہریوں نے شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میونسپل کمیٹی کی مجرمانہ غفلت اور عدم دلچسپی کی وجہ سے شہر گندگی کے ڈھیر میں تبدیل ہو چکا ہے اور شہر مین سٹرکوں پر بارش کا پانی جمع ہو کر جھیل کا منظر پیش کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اوستہ محمد میں گزشتہ عرصے میں کئی چیف آفیسر آئے مگر صفائی کا نظام آج تک بہتر نہ ہو سکا۔کروڑوں روپے کے فنڈز آئے مگر شہر کی حالت پھر بھی نہ بدل سکی۔جو آفیسر آتا ہے اپنی جیب بھر کر میونسپل کمیٹی کو مفلوج کر کے چلا جاتا ہے۔اسی طرح سابق چیف آفیسر کی تعیناتی کے بعد آج تک ملازمین کی تنخواہوں کا مسئلہ حل نہ سکا۔شہریوں نے کہا کہ اگر میونسپل کمیٹی کے آفیسر فنڈز کو شہر کیلئے استعمال کرتے تو آج شہر کی حالت یہ نہ ہوتی۔

انہوں نے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر صفائی کا نظام ٹھیک ہوتا تو آج شہر میں پانی اور کیچڑ نہ ہوتا بلکہ بڑے شہروں کی طرح اوستہ محمد کے شہری بھی بارش سے لطف اندوز ہوتے۔ انہوں نے وزیراعلی بلوچستان،چیف سیکریٹری بلوچستان اور ایم پی اے میر جان محمد خان جمالی سے مطالبہ کیا کہ اس جانب فوری نوٹس لیں اور اوستہ محمد شہر کی صفائی کا نظام بہتر کرنے کیلئے ٹھوس اقدامات کیئے جائیں تاکہ اوستہ محمد کے شہری بھی سکھ کا سانس لے سکیں۔

جعفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں