پی ایچ ای شہریوں کو پانی فراہم کرنے میں ناکام ہوچکا ہے ،ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جعفرآباد

ہفتہ 11 ستمبر 2021 21:27

جعفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2021ء) ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن جعفرآباد کے جوائنٹ سیکریٹری ایڈووکیٹ اورنگزیب رند نے کہا ہے کہ پی ایچ ای شہریوں کو پانی فراہم کرنے میں ناکام ہوچکا ہے محکمہ کے ذمہ دار افسران شہر بھر میں مصنوعی بحران پیدا کرکے واٹر سپلائی کے تالابوں واٹر چینل اور ذیلی نہر سے ٹینکر مافیا کو پانی فراہم کر رہے ہیں اور ٹینکر مافیا شہر بھر میں فی ٹینکر پچیس سو روپے سے تین ہزار میں فروخت کرکے حاصل ہونے والے منافع سے آدھی رقم پی ایچ ای حکام کو دے دیتے ہیں پی ایچ ای حکام اور ٹینکر مافیا کی ملی بھگت سے شہر بھر میں پانی کا شدید بحران ہے لوگ پانی کی بوند بوند کو ترس رہے ہیں مرد خواتین اور بچے دن رات پانی کے حصول کے لیے سرگرداں ہیں ایڈووکیٹ مہتاب حسین شر اور ایڈووکیٹ غلام سرور ابڑو کا کہنا تھا کہ پی ایچ ای حکام اپنی نااہلی کو چھپانے کے لیے پٹ فیڈر کینال سے پانی کی عدم فراہمی کا رونا رو کر خود کو معصوم قرار نہیں دلوا سکتے شہر میں اس وقت صورتحال نازک ہے پانی کے بحران سے انسانی المیہ جنم لے سکتا ہے تاہم پی ایچ ای حکام کے کانوں میں جوں تک نہیں رینگتی احتجاج اور عدالتی احکامات کے باوجود پانی کی فراہمی کے لیے اقدامات نہیں کیے جا رہے مجبور ہو کر وکلا برادری عدالتی کارروائیوں کا بائیکاٹ کرے گی اور پی ایچ ای حکام کے خلاف ہائی کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے پر مجبور ہونگے۔

متعلقہ عنوان :

جعفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں