جامعہ مظہرالعلوم حمادیہ اتحادٹاؤن کراچی ہنگامی بنیادوں پر سیلاب متاثرین کیلئے ریلیف کا کام شروع کردیا

مولانا فخرالدین رازی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سیلاب سے ہو نیوالے نقصانات کاتفصیلی جائزہ ،متاثرین کو ہفتے کوکراچی سے مزید ٹرک امدادی سامان لے کرپہنچیںگے ، یقین دہانی

پیر 8 اگست 2022 22:16

جعفرآباد/کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 08 اگست2022ء) جامعہ مظہرالعلوم حمادیہ اتحادٹاؤن کراچی کے ناظم تعلیمات سماجی رہنما مولانا فخرالدین رازی کی قیادت میں امدادی ٹیم نے حالیہ سیلاب سے شدید متاثرہ بلوچستان ضلع جعفرآبادکی تحصیل گنداخہ باغ ہیڈ کے متاثرین کی بحالی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر ریلیف کے کاموں کا آغاز کر دیا ہے، مولانا فخرالدین رازی امدادی سامان کے ایک بڑے قافلے کے ساتھ گنداخہ باغ ہیڈ پہنچے، مولانا فخرالدین کی زیر سرپرستی جے یوآئی ضلع جعفرآباد کے جنرل سیکرٹری میرحسن ساسولی،میرمحمداسلم عمرانی،میرعلی مرادرند،تحصیل گنداخہ کے امیرقاری نذیراحمدشاکر مینگل، جنرل سکریٹری مولاناامان اللہ حقانی مولانا عبدالہادی،قاری محمدصالح کی رہنمائی میں گنداخہ باغ ہیڈکے سیلاب سے متاثرہ سینکڑوں خاندانوں میں لاکھوں روپے مالیت کے امدادی سامان تقسیم کئے گئے جبکہ ڈاکٹرز کی ٹیم نے میڈیکل کیمپ میں سینکڑوں متاثرین کا علاج کیا اور ادویات فراہم کی، سینکڑوں خاندانوں کیلئے خوراک اور ادویات کراچی کے اہل خیر حضرات کے تعاون سے فراہم کیا گیا،مولانا فخرالدین رازی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ سیلاب سے ہو نیوالے نقصانات کاتفصیلی جائزہ لیا اورمتاثرین کو یقین دلایاکہ ہفتے کوکراچی سے مزید ٹرک امدادی سامان لے کرپہنچیںگے جو کشتیوں کے ذریعے متاثرہ دورافتادہ گائوں میں پہنچا دیئے جائیں گے ،جہاںراشن، خوراک اور ادویات کی تقسیم کو یقینی بنایاجائے گا،جامعہ مظہرالعلوم حمادیہ کراچی کے ناظم تعلیمات سماجی رہنما مولانا فخرالدین رازی نے امدادسامان اور راشن کی تقسیم کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ سینکڑوں متاثرین کھلے آسمان تلے امداد کے منتظرہیں،جعفرآباد کے سیلاب سے متاثرہ دشوار گزار علاقہ تحصیل گنداخہ ہیڈ باغ کے راستے انتہائی زیادہ دشوارگزار ہیں، فلاحی اداروں کیلئے کافی مشکلات ہیں، ضلعی انتظامیہ ترجیحی بنیاد پر تباہ شدہ راستے بحال کرائے تاکہ متاثرین تک پہنچنا ممکن ہوجائے، انہوں نے اہل خیر حضرات اورپوری قوم سے اپیل کی ہے کہ وہ متاثرین سیلاب کی دل کھول کر امداد کریں۔

جعفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں