ڈیرہ اللہ یار اور گردونواح میں مون سون بارشوں کے چوتھے اسپیل میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ ایک بار پھر شروع

جمعرات 18 اگست 2022 21:20

جعفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اگست2022ء) ڈیرہ اللہ یار اور گردونواح میں مون سون بارشوں کے چوتھے اسپیل میں طوفانی بارشوں کا سلسلہ ایک بار پھر شروع ہوگیا ہے جمعرات کی علی الصبح سے شروع ہونے والی موسلادھار بارش وقفے وقفے سے جاری ہے خبر فائل ہونے تک بارش کا سلسلہ جاری تھا موسلادھار بارش سے نشیبی علاقے زیرآب آگئے شہر کی سڑکیں گلی محلے جھیل بن گئے ہیں ڈیرہ اللہ یار شہر کے جیکب آباد ریلوے پھاٹک کے قریب طوفانی بارش میں تین گھروں کی دیواریں گر گئیں جبکہ گنداخا کے نشیبی علاقے گوٹھ دودا میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق ہوگئی جبکہ دو بچوں سمیت چار افراد زخمی ہوگئے موسلادھار بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی آگئی متعدد نہروں میں پانی کا بہاو بڑھ جانے سے شگاف پڑنے کے خدشات بڑھ گئے ہیں ڈپٹی کمشنر جعفرآباد رزاق خان خجک نے ممکنہ سیلابی خطرات اور نہروں کو شگاف پڑنے کے پیش نظر ایری گیشن کے عملہ اور ہیوی مشینری کو نہروں پر ہائی الرٹ کر دیا اور نائب تحصیلدار محمد ظریف گولہ سمیت ریونیو کا عملہ نہروں کی نگرانی پر مامور ہیں موسلادھار بارشوں سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوگئی اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا ہے۔

جعفر آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں