جام پور میں لائن مین کی ایس ڈی او کی جانب سے تنخواہ بند کرنے پر خود کشی، نعش ہسپتال منتقل

اہل خانہ کے مطابق بے حِس ایس ڈی او نے لائن مین کی جانب سے معافی مانگنے پر بھی اُس کی تنخواہ بحال نہ کی

Muhammad Irfan محمد عرفان بدھ 7 اگست 2019 16:52

جام پور میں لائن مین کی ایس ڈی او کی جانب سے تنخواہ بند کرنے پر خود کشی، نعش ہسپتال منتقل
جام پور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 7اگست9 201ء، نمائندہ خصوصی،عنصر سجاد) جام پور میں واپڈا کے ایس ڈی او کی مبینہ بے حِسی لائن مین کی موت کا سبب بن گئی۔ تفصیلات کے مطابق طلعت نامی لائن مین جام پور میں ڈیوٹی نبھا رہا تھا۔ اب سے تین ماہ قبل ایس ڈی او نے کسی بات پر ناراض ہو کر اس کی تنخواہ بند کر دی۔ جس کے باعث طلعت کے گھر میں فاقوں کی نوبت آ گئی۔

گھر میں انتہائی پریشانی اور مفلسی نے ڈیرے ڈا ل دیئے۔ اسی وجہ سے طلعت انتہائی پریشان رہنے لگا تھا۔ اُوپر سے عید الاضحی بھی قریب آ چکی تھی۔

(جاری ہے)

انتہائی پریشانی کے عالم میں اس نے خود کشی کر کے اپنی زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ متوفی کے اہل خانہ نے الزام لگایا کہ طلعت نے کئی بار ایس ڈی او سے معافی بھی مانگی تھی تاکہ اس کی جانب سے بند کی گئی تنخواہ دوبارہ بحال ہو سکے۔

مگر ایس ڈی او نے اپنی ضد پر قائم رہتے ہوئے اسے رعایت دینے سے انکار کر دیا۔ جس کے باعث طلعت نے اخراجات پورے نہ ہونے پر اپنی زندگی ختم کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ متوفی طلعت کی نعش پوسٹ مارٹم کے لیے مقامی اسپتال منتقل کر دی گئی۔ اہلِ خانہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی چھان بین کی جائے اور متعلقہ افسر کے قصور وار ہونے کی صورت میں اس کے خلاف کارروائی کی جائے۔

متعلقہ عنوان :

جام پور میں شائع ہونے والی مزید خبریں