شوہر کی بے وفائی پر خاتون پولیس اہلکار کی خودکشی کی کوشش

خاتون پولیس اہلکار نے شوہر کی جانب سے نازیبا وڈیو اور تصاویر بنانے کے بعد یہ اقدام کیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 19 جون 2021 16:57

جامشورو (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 جون 2021ء) : شوہر کی بلیک میلنگ سے خاتون پولیس اہلکار بھی محفوظ نہ رہ سکی۔ تفصیلات کے مطابق جامشورو پولیس کی خاتون اہلکار نے شوہر کی جانب سے نازیبا وڈیو اور تصاویر بنانے کے بعد بے وفائی پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی تاہم خاتون کو بچا لیا گیا۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کوٹری کے ڈاکٹرز کے مطابق علاقہ شیرازی محلہ کی رہائشی خاتون اہلکار کو طبی امداد کے لیے اسپتال لایا گیا تو انکشاف ہوا کہ اس نے نیند کی گولیاں کھا کر خودکشی کی کوشش کی، تاہم فوری طبی امداد ملنے کے بعد خاتون کی طبیعت خطرے سے باہر ہے۔

خود کشی کی کوشش کرنے والی خاتون اہلکار نے بیان دیا کہ میں نے 9 ماہ قبل دوسری شادی کی تھی جس پر اہل خانہ نے بھی ساتھ چھوڑ دیا تھا، لیکن مجھے نہیں پتہ تھا کہ میرا دوسرا شوہر بلیک میلر ہے، اس نے مجھ سے دھوکے سے نکاح نامہ بھی ضبط کر لیا اب مجھے بیوی تسلیم کرنے سے انکار کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

خاتون اہلکار نے بتایا کہ پولیس افسران بھی مجھے انصاف فراہم کرنے کے بجائے مجھ پر تہمت لگا رہے ہیں، ڈی ایس پی ہیڈ کواٹر بھی مجھے انصاف فراہم نہ کر سکے، خاتون اہلکار نے آئی جی سندھ سے انصاف کی اپیل بھی کی۔

واضح رہے کہ شوہروں کے ہاتھوں بیویوں اور خواتین کے بلیک میل ہونے کا یہ کوئی پہلا واقعہ نہیں ہے ، اس سے قبل بھی کئی ایسے واقعات رپورٹ ہوتے رہے ہیں جہاں سفاک مرد سابقہ بیویوں کی تصاویر اور ویڈیوز بھی وائرل کر دیتے ہیں۔ گذشتہ روز ہی کراچی کی مقامی عدالت نے سابقہ بیوی کو آن لائن ہراساں کرنے پر ایک شخص کو 12 سال قید کی سزا سنانے کے ساتھ ساتھ 30 لاکھ روپے سے زائد جرمانہ بھی عائد کر دیا تھا۔

جامشورو میں شائع ہونے والی مزید خبریں