مجھے دھمکی نہ دیں گولی چلائیں ،راشد سومرو کی دھرنا دینے اور رینجرز سے تلخ کلامی کی ویڈیو وائرل

رینجرز کی جانب سے مسلح گارڈ کا اسلحہ لائسنس چیک کرنے اور گاڑی کی نمبر پلیٹ کی تصویر بنانے پر جے یو آئی رہنما راشد سومرو برہم ، جے یو آئی رہنما کی بیچ چوراہے میں دھرنا دے کر بیٹھ گئے

Danish Ahmad Ansari دانش احمد انصاری ہفتہ 3 جولائی 2021 20:07

مجھے دھمکی نہ دیں گولی چلائیں ،راشد سومرو کی دھرنا دینے اور رینجرز سے تلخ کلامی کی ویڈیو وائرل
جامشورہ(اُردو پوائنٹ، اخبار تازہ ترین، 3جولائی 2021) رینجرز کی جانب سے مسلح گارڈ کا اسلحہ لائسنس چیک کرنے اور گاڑی کی نمبر پلیٹ کی تصویر بنانے پر جے یو آئی رہنما راشد سومرو برہم ، جے یو آئی رہنما کی بیچ چوراہے میں دھرنا دے کر بیٹھنے کی ویڈیو سامنے آ گئی۔ تفصیلات کے مطابق جے یو آئی رہنما راشد سومرو مسلح گارڈز کے ساتھ جامشورو انڈس ہائی وے پر سفر کررہے تھے رینجرز نے مسلح گارڈز دیکھ کر روکا اور اسلحہ لائسنس چیک کیا۔

رینجرز کی جانب سے چیکنگ اور گاڑی کی نمبر پلیٹ کی تصویر بنانے پر راشد سومرو برہم ہوگئے۔ جے یو آئی (ف) کے رہنما راشد سومرو جامشورو انڈس ہائی وے پر ساتھیوں کے ساتھ دھرنا دے کر بیٹھ گئے اور دھرنے کے لیے جامشورو سے دیگر ساتھیوں کو بھی بلا لیا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق راشد سومرو کے دھرنا دینے کے باعث انڈس ہائی وے پر ٹریفک جام ہوگیا جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جے یو آئی رہنما رینجرز کو کہہ رہے ہیں کہ اپ مجھے دھمکی نہ دیں اپ مجھ پہ گولی چلائیں اپ مالک ہیں اور میں اپ کا غلام ہوں لیکن میں آپ سے ڈرنے والا نہیں یہ گردن کُٹ تو سکتی ہے لیکن جھک نہیں سکتی اپ تنخواہ لے کر چوکیداری کرتے ہیں- تاہم رینجرز کی جانب سے بات چیت کے بعد جے یو آئی رہنما راشد سومرو نے دھرنا ختم کر دیا ۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ راشد سومرو کی جانب سے دھرنا ختم کرنے کے بعد بھی رینجرز نے مسلح گارڈ کا لائسنس چیک کیا اور گاڑی کی نمبر پلیٹ کی تصویر بنا کر چانچ پڑتال کی اور متعلقہ کارروائی کے بعد ہی اُنہیں جانے کی اجازت دی گئی۔ جے یو آئی رہنما کی جانب سے رینجرز کی جائز کارروائی پر دھرنے دینے پر ٹریفک جام ہونے اور ٹریفک میں پھنسنے پر عوام نے اُنہیں تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اگر عوام کے نمائندے ہی قانون پر عمل نہیں کریں گے تو پھر عوام سے قانون پر عمل پیراہونے کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے۔

جامشورو میں شائع ہونے والی مزید خبریں