جامشورو میں ایک اور ٹرین حادثے کا شکار ہو گئی

حادثے کے نتیجے میں تین سو فٹ ٹریک متاثر ہوا ۔ ریلوے ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 6 جولائی 2021 10:58

جامشورو میں ایک اور ٹرین حادثے کا شکار ہو گئی
جامشورو (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 06 جولائی 2021ء) : جامشورو میں مال بردار ٹرین حادثے کا شکار ہوگئی ۔ اس حوالے سے ریلوے ذرائع نے بتایا کہ اس مرتبہ حادثہ کوٹری ڈاؤن یارڈ میں پیش آیا، جہاں کوٹری اسٹیشن کے قریب مال بردار ٹرین کی دو بوگیاں پٹری سے اترگئیں، حادثے کے نتیجے میں ڈاؤن یارڈ سے مال بردار ٹرینوں کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے۔ ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں تین سو فٹ ٹریک متاثر ہوا، واقعے کے بعد ریلوے کی امدادی ٹیموں نے جائے حادثے پر پہنچ کر امدادی کاموں کا آغاز کردیا ہے۔

واضح رہے کہ محکمہ ریلوے کی نا اہلی کے باعث ٹرین حادثات ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے۔ جامشورو ڈویژن میں چند ہفتوں کے دوران مال بردار ٹرین کے پٹری سے اترنے کا یہ دوسرا واقعہ ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل 17 جون کو کوٹری ریلوے اسٹیشن کے قریب مال بردار ٹرین کی سات بوگیاں پٹری سے اتر گئیں تھیں، جس کے نتیجے میں ٹرین ڈرائیور وزیر محمد اور پاکستان ریلوے کا فائرمین معمولی زخمی ہوا۔

اس سے قبل گذشتہ سال اکتوبر میں گھوٹکی کے قریب مال بردار ٹرین کی چار بوگیاں پٹری سے اتری تھیں۔ جبکہ گذشتہ ماہ کراچی پشاور ریلوے ٹریک پر ایک اور ٹرین کو خوفناک حادثہ پیش آیا، لیکن معجزانہ طور پر اس حادثے میں نہ تباہی مچی نہ ہی کسی قسم کا جانی نقصان ہوا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی سے پشاور جانے ولی رحمان بابا ایکسپریس ٹنڈو آدم کے علاقے میں پھاٹک میں پھنسے گیس ٹینکر سے ٹکرا گئی۔

حادثے کے نتیجے میں ٹرین کا انجن اور بریک وین تباہ ہوگئی جبکہ پھاٹک میں پھنسے ٹرک کو بھی نقصان پہنچا۔ اس ٹکر کے نتیجے میں گیس ٹینکر دور جا گرا لیکن معجزانہ طور پر پھٹا نہیں۔ آئے روز ہونے والے ٹرین حادثوں نے ریلوے انتظامیہ کی کارکردگی کا پول کھول دیا ہے تاہم ریلوے کے اعلیٰ حکام اس حوالے سے کوئی اقدامات کرنے سے گریزاں نظر آتے ہیں۔

جامشورو میں شائع ہونے والی مزید خبریں