ایک اور مسافر ٹرین کو حادثہ ، علامہ اقبال ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں

علامہ اقبال ایکسپریس سیالکوٹ سے کراچی جارہی تھی کہ اس دوران کوٹری ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی، کراچی کا مین ٹریک مکمل بند ہوگیا اور مسافر ٹرینوں کی روانگی بند کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 20 اگست 2021 10:27

ایک اور مسافر ٹرین کو حادثہ ، علامہ اقبال ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں
جامشورو ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 اگست 2021ء ) صوبہ سندھ کے ضلع جامشورو میں کوٹری ریلوے اسٹیشن کے قریب علامہ اقبال ایکسپریس کی 3 بوگیاں پٹری سے اتر گئیں۔ تفصیلات کے مطابق علامہ اقبال ایکسپریس سیالکوٹ سے کراچی جارہی تھی کہ اس دوران کوٹری ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہوگئی تاہم اس حادثے میں کوئی نقصان نہیں ہوا لیکن ٹرین کی بوگیاں پٹری سے اترنے کے بعد کراچی کا مین ٹریک مکمل بند ہوگیا اور مسافر ٹرینوں کی روانگی بند کردی گئی جب کہ ریسکیو کے لیے عملے کو طلب کیا گیا اور جلد ٹریک بحال کردیا جائے گا۔

واضح رہے کہ محکمہ ریلوے کی نا اہلی کے باعث ٹرین حادثات ختم ہونے کا نام ہی نہیں لے رہے چند روز قبل جامشورو میں مال بردار ٹرین حادثے کا شکار ہوگئی تھی ، اس حوالے سے ریلوے ذرائع نے بتایا کہ اس مرتبہ حادثہ کوٹری ڈاؤن یارڈ میں پیش آیا، جہاں کوٹری اسٹیشن کے قریب مال بردار ٹرین کی دو بوگیاں پٹری سے اترگئیں، حادثے کے نتیجے میں ڈاؤن یارڈ سے مال بردار ٹرینوں کی آمدورفت معطل کردی گئی ہے ، اس حوالے سے ریلوے ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے نتیجے میں تین سو فٹ ٹریک متاثر ہوا، واقعے کے بعد ریلوے کی امدادی ٹیموں نے جائے حادثے پر پہنچ کر امدادی کاموں کا آغاز کردیا ہے۔

(جاری ہے)

گذشتہ ماہ کراچی پشاور ریلوے ٹریک پر ایک اور ٹرین کو خوفناک حادثہ پیش آیا، لیکن معجزانہ طور پر اس حادثے میں نہ تباہی مچی نہ ہی کسی قسم کا جانی نقصان ہوا ، میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی سے پشاور جانے والی رحمان بابا ایکسپریس ٹنڈو آدم کے علاقے میں پھاٹک میں پھنسے گیس ٹینکر سے ٹکرا گئی ، حادثے کے نتیجے میں ٹرین کا انجن اور بریک وین تباہ ہوگئی جبکہ پھاٹک میں پھنسے ٹرک کو بھی نقصان پہنچا ۔

جامشورو میں شائع ہونے والی مزید خبریں